Jun ۲۷, ۲۰۱۷ ۰۸:۲۰ Asia/Tehran
  • کشمیر: فائرنگ کے بعد حالات کشیدہ

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں عید کے روز کشمیری عوام اور سکیورٹی فورسز کےمابین ہونے والے تصادم اور کئی افراد کے زخمی ہونے کے بعد کشمیر کے حالات ایک بار پھر کشیدہ ہو گئے ہیں۔

حریت کانفرنس کے رہنما سیدعلی شاہ گیلانی نے سکیورٹی فورسز کی نمازعید الفطر کے بعد مظاہرین پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ ہندوستان  کے زیر انتظام کشمیر کے علاقوں سری نگر، سوپور اور اننت ناگ سمیت متعدد علاقوں میں نماز عید کے بعد کشمیریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور احتجاج کیا جس پر سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر پیلٹ گنز سے فائرنگ کی اورآنسو گیس کے شیل داغے جس کے نتیجے میں ایک صحافی سمیت درجنوں افراد زخمی ہو گئے اور اس کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے۔

یاد رہے کہ حریت کانفرنس کے رہنما سیدعلی گیلانی، یاسین ملک اورمیر واعظ عمر فاروق گزشتہ کئی روز سے گھروں میں نظر بند ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد سے کشمیر کے حالات کشیدہ ہو گئے اور سکیورٹی فورسزکی کارروائیوں میں اب تک 200 کے قریب افراد جاں بحق اور ہزاروں افراد معذور، زخمی اور گرفتارہو چکے ہیں۔

 

ٹیگس