Jul ۱۱, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۸ Asia/Tehran
  • امرناتھ مسافروں پر حملے کی مذمت

ہندوستان کے وزیراعظم اور اس ملک کی سیاسی اورمذہبی جماعتوں سمیت حریت کانفرس نے امرناتھ مسافروں پرحملے کی مذمت کی ہے۔

ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے امرناتھ مسافروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹوئیٹ  میں کہا کہ اس حملے میں جن لوگوں نے اپنوں کو کھویا ہے ان سے ہماری تعزیت ہے۔ حملے میں زخمیوں کے ساتھ ہماری پوری ہمدردی ہے، ہندوستان ایسے حملوں سے نہیں جھکے گا۔

دوسری جانب کانگریس رہنما سونیا گاندھی اوراس ملک کی سیاسی اورمذہبی جماعتوں اورہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے سربراہان سید علی گیلانی اور میرواعظ مولوی عمر فاروق نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کئے گئے ہلاکت خیزحملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ادھرکشمیر میں امرناتھ مسافروں پر حملے کے فورا بعد وزارت داخلہ نے اعلی حکام کے ساتھ ہنگامی میٹنگ کی اور وزارت داخلہ نے حملے کے پیچھے لشکرطیبہ کا ہاتھ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق حملہ کے باوجود امرناتھ یاترا جاری رہے گی اور اس کو ملتوی نہیں کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں جلد ہی ایک اعلی سطحی وفد بھی کشمیر کا دورہ کرے گا اور حالات کا جائزہ لے گا۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام  کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پیر کی رات 9 بجے مسلح افراد کی جانب سے سیکورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بناکر کئے گئے حملے میں 7امرناتھ مسافر ہلاک جبکہ تین پولیس اہلکاروں سمیت 11 دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

کشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس منیر احمد خان نے بتایا کہ یہ حملہ امرناتھ مسافروں کو نہیں بلکہ سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر کیا گیا۔ حملہ کے بعد وادی میں ہائی الرٹ جاری کرکے سری نگر جموں قومی شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔

 

ٹیگس