Aug ۰۵, ۲۰۱۷ ۱۱:۲۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: نائب صدر کے انتخاب کے لئے ووٹنگ

ہندوستان میں ملک کے دوسرے سب سے اعلی آئینی عہدہ نائب صدر کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کا عمل آج صبح 10 بجے شروع ہو گیا جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

ہندوستان میں نائب صدر کے انتخابات کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمرہ نمبر 62 کو پولنگ کا کمرہ بنایا گیا ہے اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی شام سات بجے شروع ہوگی اور چند گھنٹے میں نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔

اس الیکشن میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے امیدوار ایم وینکیا نائیڈو کا مقابلہ 18 اپوزیشن پارٹیوں کے امیدوار گوپال كرشن گاندھی سے ہے۔ مسٹر نائیڈو طویل عرصے سے بھارتیہ جنتا پارٹی سے منسلک رہے ہیں اور مرکز میں وزیر اور بی جے پی کے صدر بھی رہے ہیں جبکہ مسٹر گاندھی مغربی بنگال کے گورنر رہ چکے ہیں ۔

صدارتی انتخابات کی طرح نائب صدر کےانتخابات میں وی وی آئی پی ارکان کے حصہ لینے کی وجہ سے سکیورٹی کا نظام کافی سخت کر دیا گیا ہے۔

اس انتخابات میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے منتخب اور نامزد رکن ووٹ ڈالتے ہیں اور یہ انتخابات متناسب نمائندگی کے نظام کی بنیاد پر خفیہ بیلٹ سے ہوتا ہے۔ نائب صدر کے انتخابات میں اسمبلیوں کے رکن ووٹنگ میں حصہ نہیں لیتے ہیں جبکہ صدارتی انتخابات میں قانون ساز کونسل کے رکن ووٹر ہوتے ہیں۔

لوک سبھا میں 545 اور راجیہ سبھا میں 245 ارکان کے ساتھ کل 790 رکن ہیں۔ کل ووٹوں میں سے 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار کو کامیاب قرار دیا جاتا ہے۔

انتخابات میں مسٹر نائیڈو کا پلڑا بھاری دکھائی دےرہا ہے کیونکہ لوک سبھا کے 545 ارکان میں سے 338 قومی جمہوری اتحاد کے ہیں جن میں سے 282 کا تعلق بی جے پی سے ہے۔ اگرچہ راجیہ سبھا میں 59 ارکان کے ساتھ کانگریس سب سے بڑی پارٹی ہے، جبکہ اعلی ایوان میں بی جے پی کے 56 ارکان ہیں۔ اپوزیشن کے لئے یہ بات اہم ہے کہ صدارتی انتخابات میں این ڈی اے کے حق میں ووٹ دینے والے بیجو جنتا دل اور جنتا دل یونائیٹیڈ نے نائب صدر کے انتخابات میں مسٹر گاندھی کی حمایت کرنے کی بات کہی ہے۔

 

ٹیگس