Feb ۲۷, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran
  • دہلی کے حالات بدستور کشیدہ کیجریوال کا متاثرہ علاقوں کا دورہ

دہلی کے حالات بدستور کشیدہ ہیں اور حالات کو معمول پر لانے کیلئے سکیورٹی فورسز نے فلیگ مارچ کیا جبکہ اروند کیجریوال نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں ہونے والے پر تشدد واقعات میں اب تک 34 افراد جاں بحق اور 56 پولیس اہلکاروں سمیت 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ 106 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو تشدد سے متاثرہ شمال مشرقی دہلی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے حالات کاجائزہ لیا اورعوام سے امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کےلوگ تشدد نہیں چاہتے کچھ شرپسند عناصر اور باہر کےلوگوں کے ذریعہ حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی دہلی میں ہندو اور مسلمان کبھی لڑنا نہیں چاہتے ہیں۔

بدھ کے روز وزیراعظم نریندر مودی نے بھی عوام سے امن اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔

 دہلی میں بھڑکے تشدد پر قابو پانے کیلئے پولیس نےدیر رات تک فلیگ مارچ کیا اورکسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دہلی کا شمال مشرقی علاقہ شہریت ترمیمی قانون (CAA) پر ہورہے احتجاج کےدوران فرقہ وارانہ تشدد کی زد میں آگیا لیکن مقامی لوگوں کا کہنا ہےکہ انہوں نےگزشتہ 34 برسوں میں فرقہ وارانہ تشدد کبھی نہیں دیکھا وہ یہاں کافی عرصے سے امن وامان سے رہ رہے ہیں اور ہندو اور مسلمان شرپسند عناصرکو یہاں سے دور رکھنےکےلئے متحد ہو گئے ہیں۔

ٹیگس