May ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
  • ھندوستان، کورونا متاثرین کی تعداد نوے ہزار سے زائد

ہندوستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی کے ساتھ متاثرین کی تعداد نوے ہزار سے تجاوز کر گئی ۔

اتوار کی صبح ہندوستانی وزارت صحت کے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق چوبیس گھنٹے میں ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے چار ہزار نو سو ستاسی نئے کیس سامنے آنے کے بعد کورونا کے مریضوں کی کل تعداد نوے ہزار نو سو ستائیس ہو گئی ۔
اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ہندوستان میں کورونا سے مزید ایک سو بیس افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار آٹھ سو بہتر تک جا پہونچی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں اب تک کورونا سے چونتیس ہزار ایک سو نو افراد مکمل طور پر صحتیاب ہوکے اسپتالوں سے اپنے گھروں کو جا چکے ہیں ۔
کورونا سے متاثرین میں ریاست مہاراشٹر بدستور سر فہرست ہے جہاں چوبیس گھنٹے میں ایک ہزار چھے سو چھے نئے کیس ریکارڈ کئے گئے جس کے بعد اس ریاست میں کورونا سے متاثرین کی تعداد تیس ہزار سات سو چھے ہو گئی اور ایک ہزار ایک سو پینتس افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔
ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کے لحاظ سے ریاست گجرات دوسرے نمبر پر ہے جہاں متاثرین کی تعداد دس ہزار نو سو اٹھاسی اور مرنے والوں کی تعداد چھے سو پچیس ہو گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ریاست تمل ناڈو کورونا کے پھیلاؤ کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر آگئی ہے جہاں متاثرین کی تعداد دس ہزار پانچ سو پچاسی اور مرنے والوں کی تعداد چوہتر ہوگئی ہے۔
ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے انیس افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد دہلی میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک سو اڑتالیس اور متاثرین کی مجموعی تعداد نو ہزار سات سو پچپن ہو گئی ہے۔

ٹیگس