Nov ۲۲, ۲۰۱۵ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف کے جانشین، بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی
    سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف کے جانشین، بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف کے جانشین نے کہا ہے کہ رضاکار فورس بسیج ملت ایران کی عزت و حیثیت اور طاقت و سیکورٹی کا مضبوط ستون ہے۔

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف کے جانشین بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے سنیچر کو ہفتہ بسیج کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بسیج ایک ایسی فکر کا نام ہے جس کا مقصد ایران اور عالم اسلام کے خلاف سامراجی سازشوں کو ناکام بنانا ہے-

بریگیڈیئر جنرل سلامی نے ایران اسلامی کے خلاف دشمنوں کی سازشوں اور اسے ناکام بنانے میں رضاکار فورس بسیج کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے ہمیں شکست دینے کے لئے بہت انتظامات کر رکھے ہیں اور ہم نے بھی انھیں دھول چٹانے کے لئے کافی تیاری کر رکھی ہے-

پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف کے جانشین نے مزید کہا کہ مغرب نے سیاسی ، اقتصادی اور سماجی میدانوں میں عالم اسلام کو تباہ و برباد کرنے کے لئے ہر کوشش کر کے دیکھ لیا لیکن ان کی کوششیں بسیج جیسے اداروں کی ہوشیاری سے ناکام ہو گئی ہیں- انھوں نے فن و ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں رضاکار فورس بسیج کے مثبت کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی بسیجی افکار کار فرما رہے ہیں، وہاں ہم نے دشمن کو پیچھے چھوڑ دیا اور دشمن نے جس میدان میں بھی ہم پر دباؤ ڈالا، اس میں ہم نے زیادہ ترقی کی-

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں جمعرات سے ہفتہ بسیج کا آغاز ہو گیا ہے- بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے پچیس نومبر انیس سو اناسی میں رضاکار فورس بسیج کی تشکیل کے لئے ہدایات جاری کی تھیں-

ٹیگس