Dec ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran
  • مجلس خبرگان کے پانچویں دور کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آغاز
    مجلس خبرگان کے پانچویں دور کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آغاز

اسلامی جمہوریہ ایران میں ماہرین کی کونسل یا مجلس خبرگان کے پانچویں دور کے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کام جمعرات کے دن سے شروع ہو گیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں جمعرات کے دن صبح کے وقت ماہرین کی کونسل یا مجلس خبرگان کے پانچویں دور کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آغاز ہوگیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی ، الیکشن کمیشن کے سربراہ محمد حسین مقیمی اور الیکشن کمیشن کے سیکریٹری علی پور علی مطلق بھی موجود تھے۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ سترہ دسمبر سے تیئیس دسمبر تک جاری رہے گا۔

امیدوار، الیکشن کمیشن کے آفس یا صوبوں میں واقع گورنریٹ میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے الیکشن کمیشن کے سیکریٹری علی پور علی مطلق نے کہا ہے کہ ماہرین کی کونسل یا مجلس خبرگان کے پانچویں دور کے انتخابات کے لئے اب تک ایک ہزار ترسٹھ پولنگ اسٹیشنوں میں سے ننانوے فیصد کے لئے عملے کا تعین کر دیا گیا ہے اور باقی ماندہ ایک فیصد عملے کے تعین کا کام بھی جمعرات کے دن مکمل ہو جائے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے الیکشن کمیشن کے سیکریٹری نے مزید کہا کہ اسی کے ساتھ ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ بھی انیس دسمبر کی صبح سے شروع ہو گا ۔

انہوں نے ماہرین کی کونسل یا مجلس خبرگان کے پانچویں دور کے انتخابات کے امیدواروں سے کہا کہ وہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کام آخری دنوں پر نہ اٹھا رکھیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے بھی جمعرات کے دن ماہرین کی کونسل یا مجلس خبرگان کے پانچویں دور کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کے عمل کا نزدیک سے جائزہ لیا۔

رحمانی فضلی نے الیکشن کمیشن کے آفس کا دورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کے بعد کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ انتخابات کے تمام مراحل قانون کے مطابق انجام پائیں اور ہم انتخابات کے انعقاد کے دوران قانون کی پابندی کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔

رحمانی فضلی نے شفاف، قانونی اور باشکوہ انتخابات کے انعقاد پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابات بہت ہی اہم اور تقدیر ساز ہیں جو کہ اسلامی جمہوریہ کے بانی امام خمینی رح، شہدا، اسلام اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام کے عظیم اہداف کے حصول سے متعلق عوام کی استقامت اور جدوجہد کی یادگار ہیں۔

رحمانی فضلی نے آئین کی گارڈین کونسل یا شورائے نگہبان کے ساتھ وزات داخلہ کے تعاون پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ تمام کام ہم آہنگی کے ساتھ انجام پا رہے ہیں اور مجلس خبرگان کے انتخابات کے انعقاد کے لئے انتخابی کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی محمود واعظی نے بھی ایران کے بعض علاقوں میں الیکٹرانک ووٹنگ کی خبر دی اور کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے انعقاد کے مقصد سے ایران کے مواصلاتی نظام کی تقویت کو ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ماہرین کی کونسل یا مجلس خبرگان ان فقہا پر مشتمل ہوتی ہے جو مطلوبہ خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی شق نمبر ایک سو سات کے مطابق ان کی ذمےداری ولی فقیہ (اسلامی جمہوریہ کے رہبر) کی تعیین اور ان کے امور کی نگرانی کرنے سے عبارت ہے۔

ماہرین کی کونسل یا مجلس خبرگان کی مدت آٹھ سال ہوتی ہے اور اس کے اراکین کو عوام براہ راست اپنے ووٹوں کے ذریعے منتخب کرتے ہیں۔

ماہرین کی کونسل یا مجلس خبرگان کے اراکین کی تعداد اس سے قبل چھیاسی تھی لیکن پانچویں دور کے انتخابات میں ان کی تعداد بڑھا کر ننانوے کر دی گئی ہے۔ ماہرین کی کونسل یا مجلس خبرگان کی اہمیت اور اس کے کردار کے پیش نظر ملکی اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ نے اپنی توجہ ان انتخابات پر مرکوز کر دی ہے۔

ماہرین کی کونسل یا مجلس خبرگان کے پانچویں دور کے انتخابات اور اسلامی جمہوریہ ایران کے دسویں پارلیمانی انتخابات چھبیس فروری سنہ دو ہزار سولہ کو منعقد ہوں گے۔

ٹیگس