Jul ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران،عراقی عوام اور حکومت کی حمایت جاری رکھے گا،محمد جواد ظریف

ایران ، دہشت گردوں کی مکمل نابودی تک عراقی عوام اور حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔

یہ بات ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تہران میں عراق کے سرکردہ سیاستداں اور مجلس اعلی اسلامی کے سربراہ سید عمار حکیم کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ عراق اور خطے کے دیگر ملکوں میں دہشت گردوں کو حتمی شکست دینے کے لیے عراق میں سیاسی اور قومی اتحاد و یکجہتی ضروری ہے۔

انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی پے در پے کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عراقی عوام اور حکومت کے عزم کی بدولت تکفیری دہشت گردوں کا کام تمام ہوجائے گا۔

عراق کی مجلس اعلی اسلامی کے سربراہ سید عمار حکیم نے اپنے ملک کی سیاسی اور دفاعی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

سید عمار حکیم نے کہا کہ عراق میں دہشت گرد کمزور اور ان کے بیرونی حامی پوری طرح مایوس ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے حامیوں کو معلوم ہوگیا ہے کہ حالات ان کے حق میں نہیں ہیں اور دہشت گردوں کو بطور ہتھکنڈا استعمال کرنے کا دور ختم ہو گیا ہے۔

انہوں نے خطے کی مشکلات خطے کے ملکوں کے تعاون اور بات چیت کے ذریعے حل کیے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 

ٹیگس