Aug ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۵:۵۶ Asia/Tehran
  • نوجوانوں میں  دینی اور انقلابی جذبے کی تقویت پر زور

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے دینی اور انقلابی جذبے کی تقویت کو تعلیمی امور کے ذمہ داروں کی اہم ترین ذمہ داری قرار دیا ہے۔

پیر کی صبح صوبہ یزد اور ہمدان کے تعلیمی اور ثقافتی امور کے عہدیداروں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے نوجوان نسل میں انقلابی اور جہادی جذبے کی تقویت پر زور دیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ تعلیمی امور کے عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ متعلقہ شعبوں میں انقلابی جذبے اور تحرک کو قوی بنائیں اور اس کی حمایت کریں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے موجودہ دنیا میں نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی غرض سے وجود میں آنے والے ماحول اور وسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس طرح کے نقصان دہ پروپیگنڈے اور گمراہ کن آوازوں کے مقابلے میں، نوجوانوں کی ہدایت و رہنمائی اور ذہنی تربیت کے لیے بھی عظیم گنجائش اور وسائل موجود ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے شہید محسن حججی کو اسلامی اور انقلابی تربیت کا عملی نمونہ قرار دیا۔
آپ نے فرمایا کہ ایک ایسی دنیا میں جہاں ذہنوں کو منحرف کرنے والے لاتعداد سمعی و بصری دریچے کھلے ہوئے ہیں، شہید محسن حججی اسطرح سے ابھر کر آئے کہ ہم  سب کے سامنے ایک حجت اور دلیل بن گئے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ انقلاب کی اس عظیم اور طاقتور تحریک کو جو، خوش قسمتی سے ہمارے جوانوں میں موجود ہے، مزید طاقتور بنائیں، اور ایسے کام نہ کریں کہ یونیورسٹیوں، تعلیمی اداروں اور دینی تبلیغ کے عمل میں انقلابی اور اسلامی جذبے کی مخالف تحریک کو طاقتور ہونے کا موقع ملے۔

ٹیگس