Apr ۲۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۸ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت ، غزہ میں بے پناہ جرائم و مظالم کے باوجود پوری طرح شکست کھا چکی ہے: صدر رئیسی

صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے کراچی یونیورسٹی میں اپنے خطاب میں کہا کہ علاقے کے بعض ممالک کے ساتھ صیہونی حکومت کے تعلقات بحال کرا کے اسے تحفظ فراہم کرنے کی امریکہ اور بعض مغربی ممالک کی کوششیں ناکام ہوگئي ہيں-

سحرنیوز/ پاکستان: صدر ایران ڈاکٹر رئيسی نے کراچی یونیورسٹی میں پروفیسروں ، دانشوروں ، تاجروں اور علماء سے خطاب کیا ۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ صیہونی حکومت کی بنیاد ظلم و جارحیت پر استوار ہے اور قبضہ اور جارحیت کسی بھی بین الاقوامی نظام میں غاصب و جارح کے لئے مالکیت اور قانونی جواز فراہم نہیں کرتی چاہے وہ قبضہ ایک دن کا ہو یا پچھتر برس کا-

صدر مملکت نے کہا کہ غاصبانہ قبضہ اور جارحیت تمام بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی رو سے قابل مذمت ہے اور جارح و قابض کو فورا باہر نکال کر اس پر مقدمہ چلانا چاہئے اور قرار واقعی سزا دینی چاہئے-

صدر مملکت نے صیہونی حکومت کے جرائم و جارحیت اور سامراجی نظام کے مقابلے میں استقامت کی ضرورت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے مسائل کو ختم کرنے اور صیہونی حکومت کے جرائم کو روکنے کا راستہ مسلم امہ میں اتحاد و اتفاق کا قیام اور تفرقہ و اختلاف سے اجتناب ہے-

صدر ڈاکٹر رئيسی نے اتحاد و استقامت کے ذریعے عالم اسلام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے امام خمینی اور رہبر انقلاب اسلامی کی حکمت عملی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت ، غزہ میں بے پناہ جرائم و مظالم کے باوجود پوری طرح شکست کھا چکی ہے کیونکہ اسے اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہيں ہوا اور یہ غزہ کے مظلوم و ثابت قدم عوام ہیں جو اپنی استقامت سے کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہيں-

صدر مملکت نے شام میں ایرانی قونصل خانے پر صیہونی حکومت کے حملے کو اس غاصب حکومت کی شکست و بے بسی کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ ایران نے منھ توڑ جواب دے کر صیہونی حکومت کو اچھی طرح سے ‎تنبیہ کردی. صدرمملکت نے دنیا میں امن اور انسانی حقوق کے دعوے دار بین الاقوامی اداروں کی بے عملی اور ناکارہ پن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ، صیہونی حکومت کو غزہ میں جرائم کو روکنے کا پابند بنانے کے لئے بعض ممالک کی کوششوں کو ویٹو کر کے ناکام بنا دیتا ہے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج آزاد قومیں یہ سوال کر رہی ہیں کہ کیا اس غیرمنصفانہ ڈھانچے کا کہ جو مظلوم کی حمایت اور ظالم کو سزا دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا ، کوئی منصفانہ متبادل نہيں ہونا چاہئے. صدر مملک ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ باہمی اتحاد و یکجہتی سے فلسطین اور بیت المقدس کو آزاد کرانے کی مسلم امہ اور دنیا کی حریت پسند اقوام کی خواہش ایک دن ضرور پوری ہوگی۔

ٹیگس