Jan ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۴:۳۵ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ کی امریکہ پر تنقید

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکیوں کو فوری طور پر شام کو ترک کر دینا چاہئے اور یہ شامی عوام کے حق میں ہو گا۔

ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظرفی نے بدھ کی رات، شام سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ امریکیوں نے کسی کے لئے بھی امن قائم نہیں کیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح روئیٹرز نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی انتباہات کے باوجود ایران اپنا خلائی پروگرام جاری رکھے گا۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران کے خلائی پروگرام کو اس لئے جاری رکھا جائے گا کہ کسی بھی قانون میں اس پر پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔ انھوں نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں بھی کہا کہ اس بین الاقوامی معاہدے سے کہ جس پر دو ہزار پندرہ میں دستخط ہوئے، ایران کی علیحدگی کا مسئلہ ایک آپشن ضرور ہے تاہم میز پر موجود صرف یہی ایک آپشن نہیں ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف جو ایک اعلی سطحی اقتصادی و سیاسی وفد کے ہمراہ نئی دہلی کے دورے پر تھے جمعرات کی صبح واپس پہران پہنچ گئے۔وہ رائے سینا کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے ہندوستان کے تین روزہ دورے پر پیر کو نئی دہلی پہنچے تھے۔ایرانی وزیرخارجہ نے نئی دہلی میں رائے سینا اجلاس میں شرکت کے علاوہ ہندوستان کے نقل و حمل کے وزیر نتن گڈکری اور ہندوستان کی وزیرخارجہ  سشما سوراج اور اسی طرح اٹلی کے سابق وزیر اعظم اور اسپین کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات اور مذاکرات کئے۔انھوں نے نئی دہلی میں اہم ہندوستانی شخصیات سے ملاقات اور ایران و ہندوستان کے مشترکہ اقتصادی اجلاس سے خطاب بھی کیا۔توانائی اور ٹرانزٹ کے شعبوں نیز چابہار بندرگاہ کے توسیعی منصوبے میں تعاون اور اسی طرح مالی و بینکنگ  کےامور ایسے مسائل رہے کہ جن پر دورہ نئی دہلی میں ہندوستانی حکام سے ملاقات میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

بدھ کی رات اپنے دورہ نئی دہلی کے اختتام پر ایران کے وزیر خارجہ نے ہندوستان کے حکام کے ساتھ ملاقاتوں کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ اپنے تین روزہ دورہ نئی دہلی میں اس ملک کے مختلف حکام سے ملاقات اور مذاکرات کے بعد جو بہت اہم اور مفید رہے اب نئی دہلی کو ترک کر رہے ہیں جبکہ ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج اور دیگر ہندوستانی حکام سے ان کی ملاقات بہت تعمیری رہی۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کے مفادات میں فروغ پا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے نئی دہلی میں منعقدہ رائے سینا کے اجلاس میں عالمی نظام کے بارے میں اپنا نقطہ نظر پیش کیا ہے۔

ٹیگس