Jan ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۰:۵۰ Asia/Tehran
  • ایران و عراق کے تعلقات کے فروغ پر تاکید

ایران کے وزیر خارجہ اور عراقی وزیراعظم نے سیاسی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تاکید کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے خطے کی تازہ ترین صورتحال اور دونوں ممالک  کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا.

اس ملاقات میں عراقی وزیراعظم نے ایران و عراق کی مشترکہ تاریخ اور ثقافتی مشترکات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ھمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا قیام عراق کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے اور ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عراقی قوم اور حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی خواہاں ہیں اور اس مقصد کے لئے ہمیں ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا ہوگا.

اس موقع پرمحمد جواد ظریف نے عراق میں نئی سیاسی کامیابی اور حکومت کی تشکیل پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کی مضبوطی کی بھرپور حمایت کرتا ہے.انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے آمادہ ہے.

اس سے قبل کل جب وزیر خارجہ عراق پہنچے تو انہوں نے بغداد میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ایران اور عراق کے تعلقات کی توسیع میں عراقی حکام کے مثبت اور تعمیری کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی تعاون کے فروغ کیلئے ہونے والے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔

انہوں نے عراقی حکام کی جانب سے ایران پر لگائی گئی امریکی پابندیوں کے خلاف، مثبت موقف اپنانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد، دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کی توسیع کے مواقع کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے ایران اور عراق کے درمیان مشترکہ تاریخی اور ثقافتی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عراق میں نئی حکومت کے قیام کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ عراق ہے جس میں عراقی حکام کے تعاون سے دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کیلئے مناسب اقدامات اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ محمد جواد ظریف کل بروز اتوار عراق کے چار روزہ دورے پر بغداد پہنچے جہاں انہوں نے اپنےعراقی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کی۔ دورہ عراق میں عراقی حکام کے ساتھ ملاقاتوں سمیت وہ عراقی شہر بغداد، سلیمانیہ اور کربلا میں منعقد ہونے والے مشترکہ تجارتی فورم میں شرکت کریں گے۔
 

 

ٹیگس