Feb ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۹:۱۸ Asia/Tehran
  • شہزادی کونین کی شب شہادت، ایران اسلامی سوگوار و عزادار

دختر رسول الثقلین مادر حسنین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی شب شہادت کی مناسبت سے پورا اسلامی جمہوریہ ایران سوگوار و عزادار ہے اور ایران سمیت پوری دنیا میں شہزادی کونین کی مظلومانہ شہادت کا غم منایا جارہا ہے۔

تین جمادی الثانی شہزادی کونین ام الحسنین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی مظلومانہ شہادت کی تاریخ ہے - اسی مناسبت سے ایام فاطمیہ کی عزاداری اور سوگواری کی مجالس کا سلسلہ گذشتہ تین روز سے ہی شروع ہوچکا ہے اور شب شہادت میں مجالس و نوحہ ماتم کا یہ سلسلہ اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے -

ایران میں ایام فاطمیہ کی مرکزی مجالس مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں ہورہی ہیں جن میں ہزاروں عزادار اور زائرین شریک ہوتے ہیں - تہران میں حسینیہ حضرت امام خمینی میں بھی رہبرانقلاب اسلامی کی موجودگی میں گذشتہ چار شبوں سے مجالس کا سلسلہ جاری ہے - اس کے علاوہ ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی شب شہادت میں مجالس و عزاداری برپا ہے، قم میں پاکستان اور ہندوستان کے طلبا اور ان ملکوں کے زائرین کی شرکت سے حرم مطہر میں مجالس کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ قم میں دیگر مقامات پر بھی اردو زبان میں مجالس ہورہی ہیں -

ایام فاطمیہ کے موقع پر عراق کے مقدس شہروں نجف اشرف، کربلائے معلی ، کاظمین اور سامرا کی فضا بھی سوگوار و عزادار ہے جہاں عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں سے آئے ہوئے زائرین اور عزادار بی بی دوعالم کے مصائب پر اشک ماتم بہارہے ہیں -

پاکستان اور ہندوستان سے بھی خبریں ہیں کہ سبھی شہروں قصبوں اور دیہاتوں میں صدیقہ طاہرہ کی مظلومانہ شہادت کی مناسبت سے ہر طرف شور ماتم بپا ہے اور مجالس غم کا اہتمام کیا گیاہے جن کے دوران علما اور ذاکرین دختر رسول کے غیر معمولی فضائل و مناقب بیان کرکے ان کی مصیبتوں اور مظلومانہ شہادت کا تذکرہ کرکے سوگواروں کو مثاب کررہے ہیں -

تین جمادی الثانی کو اسلامی ایران میں عام تعطیل ہوتی ہے اور پورا ملک سیاہ پوش و عزادار ہے -

ٹیگس