Mar ۰۹, ۲۰۱۹ ۲۰:۱۵ Asia/Tehran
  • صدر ایران اور پاکستانی وزیراعظم میں ٹیلی فون پر بات چیت

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور پاکستان کے روابط کو تاریخی اور مثالی قرار دیا ہے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے روابط تاریخی اور مثالی ہیں اور ان کے اعلی حکام کو اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہئے کہ تھوڑے سے دہشت گرد جو دوسرے ملکوں کے آلہ کار ہیں، تہران اور اسلام آباد میں خلج پیدا کریں۔
انھوں نے کہا کہ ایران اچھی طرح جانتا ہے کہ ان دہشت گردوں کا اڈہ جو پاکستان سے ایرانی قوم کے خلاف دہشت گردانہ حملوں کے لئے آتے ہیں کہاں ہے اور ان کے خلاف پاکستان کے ٹھوس اقدام کا منتظر ہے۔
صدرڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ان دہشت گردوں کا وجود، ایران، پاکستان اور خطے کے مفاد میں نہیں ہے اور ایران انہیں ختم کرنے میں پاکستانی حکومت اور فوج کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ ہم ان دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کے بہت نزدیک پہنچ چکے ہیں۔ انھوں نے صدر ایران کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت اور فوج، دہشت گردوں کو ختم کرنے میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں بہت جلد اچھی خبر ایران کو دی جائے گی۔ انھوں نے اسی کے ساتھ بہت جلد اپنے دورہ ایران کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد تہران کے ساتھ روابط میں فروغ اور استحکام چاہتا ہے۔
صدر ایران نے اس گفتگو میں عمران خان کے دورہ تہران کا خیر مقدم کیا۔
یاد رہے کہ تیرہ فروری کو ایران کے خاش زاہدان روڈ پر دہشت گردوں نے ایرانی سرحدی محافظین کی ایک بس پر حملہ کرکے ستائیس اہلکاروں کو شہید اور تیرہ کو زخمی کردیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری تکفیری دہشت گرد گروہ جیش الظلم نے قبول کی تھی۔

ٹیگس