Apr ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۱:۱۹ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم کے نام ایرانی شہداء کے اہلخانہ کا خط

ایران میں دہشتگردی سے متاثر ہونے والوں کے اہلخانہ نے پاکستان کے وزیر اعظم کے نام ایک خط میں ان سے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ملنے والی اپنی جنوب مغربی علاقوں کی سرحدوں سے دہشتگردوں کے داخلے کو روکنے کیلئے اقدامات کریں۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران میں دہشتگردی سے متاثر ہونے والوں کے اہلخانہ نے  اس خط میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اعلی  سیاسی اور عسکری حکام سے کہا ہے کہ جس طرح پاکستان نے افغانستان،ہندوستان، کشمیراور اسی طرح تورخم بارڈر پر سکیورٹی پر خاص توجہ دی ہے اسی طرح ایران کے ساتھ بھی اپنی سرحدوں پر سکیورٹی کے خاص انتظامات کی جانب توجہ دیں۔

ایران میں دہشتگردی کا شکار ہونے والے شہداء کے اہلخانہ نے اس خط میں کہا ہے کہ سرحدوں پر سکیورٹی کو خاص اہمیت حاصل ہے اور ملکوں کے ساتھ تعاون سے  ہی امن و امان بر قرار ہو سکتا ہے۔

شہداء کے اہلخانہ نے اس خط میں پاکستان کے راستے ایران میں داخل ہونے والے دہشتگردوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے سرحدوں پر کنٹرول نہ ہونے کی وجہ سے ہی دہشتگرد ، دونوں ممالک کی سلامتی اور سکیورٹی کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ایرانی سرحدی  سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت سینکڑوں افراد دہشتگردی کا نشانہ بن کر اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

ایران میں دہشتگردی سے متاثر ہونے والوں کے اہلخانہ نے اس خط میں ایران و پاکستان کے روابط کو تاریخی اور اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران و پاکستان کے عوام ہمیشہ دہشتگردی کا نشانہ بنے ہیں۔

شہداء کے اہلخانہ نے اس خط میں اسی طرح جمعرات کے روز پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے  دہشتگردی سے متاثرہ اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان آج دو روزہ دورے پر ایران آ رہے ہیں۔

ٹیگس