Oct ۲۶, ۲۰۱۹ ۱۰:۵۶ Asia/Tehran
  • استکباری طاقتوں کے پاس ہتھیار ڈالنے کے سوا کوئی اور چارہ نہیں : ایرانی صدر

ایران کے صدر نے کہا ہے کہ استکباری طاقتوں کو ایران اور کیوبا کے عوام کی مزاحمت کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے سوا کوئی اور چارہ نہیں ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے باکو میں منعقدہ غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے 18 ویں اجلاس کے موقع پر اپنے کیوبا کے ہم منصب میگل دایازکانل کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہا کہ ایران اور کیوبا، امریکہ کی زیادہ طلبی پر مبنی پالیسیوں کے سامنے اپنی آزادی کے تحفظ کیلئے اپنی مزاحمت کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نقطہ نظر میں کیوبا کی قوم ایک بہادر اور مزاحمت کرنے والی قوم ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کیوبا اور ایران کے درمیان ہمیشہ ہی گہرے اوردوستانہ تعلقات قائم رہے ہیں اور علاقائی اور عالمی سیاست میں دونوں ممالک کے موقف، ایک دوسرے کے قریب ہیں۔

ایرانی صدر نے دہشت گردی، غاصب صیہونی حکومت اور غیر وابستہ تحریک سے متعلق ایران اور کیوبا کے مشترکہ مواقف پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں بالخصوص صحت اور ادویات کے شعبوں میں تعمیری اور اچھا تعاون قائم ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران، باہمی تعاون کے فروغ کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے امریکی دباؤ کے باوجود ایران کی معاشی صورتحال میں ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ نے امریکی دباؤ کے باوجود اپنی ملکی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے، مشکلات پر قابو پالیا ہے۔

اس موقع پر کیوبا کے صدر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے اجلاس میں ایرانی صدر کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر روحانی نے بخوبی امریکہ کی زیادہ طلبی پر مبنی پالیسیوں کو بے نقاب کیاہے۔

انہوں نے ایران جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی اور ساتھ ساتھ کیوبا کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کی امریکی خلاف ورزی کی مذمت کی۔

 

ٹیگس