Feb ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۱:۲۱ Asia/Tehran
  • امریکہ نے غلط اطلاعات کی بنیاد پر مغربی ایشیا کو جنگ کے دہانے پر لاکھڑا کیا

ایران کے وزیر خارجہ نے قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکہ کے ہاتھوں شہادت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے غلط اطلاعات کی بنیاد پر مغربی ایشیا کو جنگ کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر امریکی ٹیلی ویژن چینل این بی سی(NBC) کو انٹرویو دیتے ہوئے قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے ایام میں ایران کیلئے ارسال کئے جانے والے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپئو کے نامناسب خط پر کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کا خط دھونس و دھمکی پر مبنی تھا کہ جس کا ایران نے  سخت جواب دیا۔

محمد جواد ظریف نے ایران کے خلاف بحران پیدا کرنے پر امریکی اقدامات کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بحران  ٹرمپ کے پیچھے ہٹنے پر ختم ہوگا اوراس کے تمام تر خطرناک نتائج کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے عراقی اور لبنانی استقامتی محاذ اور گروہوں کا کنٹرول ایران کے ہاتھ میں ہونے سے متعلق امریکہ کے من گھڑت دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی شہید ہونے سے قبل اس کوشش میں تھے کہ عراق میں کشیدگی کم ہو ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے میونیخ اجلاس کے ضمن میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی، کینیڈا کے وزیراعظم اور دیگر ممالک کے اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں۔

ٹیگس