Apr ۰۱, ۲۰۲۰ ۲۱:۱۴ Asia/Tehran
  • ایران کورونا ٹیسٹ کٹس کی پیداوار میں خود کفیل

ایران کے پاستور انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ نے کہا کہ ایران کورونا ٹیسٹ کیٹس کے پروڈکشن کے میدان میں اپنے پیروں پر کھڑا ہوچکا ہے اور دیگر ملکوں کو بھی برآمد کرنے کے لئے تیار ہے۔

ایران کے پاستور انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ علی رضا بیگلری نے بدھ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ایران میں کورونا کے ٹیسٹ کے لئے تیار ہونے والی کٹس میں کورونا وائرس کی معمولی اور خفیف سبھی علامتوں کے حامل مشتبہ افراد کی جانچ کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور یہ کورونا کی مولی کیولر ٹیسٹ کٹ ہے جس کی عالمی ادارہ صحت ڈبلیو اچ او نے بھی تائید کی ہے اور اگر صحیح طریقے سے ٹیسٹ لیا جائے تو اس کے نتائج پر نوے فیصد تک اعتماد کیا جا سکتا ہے۔
بیگلری نے ایران میں پانچ نالج بیسڈ کمپنیوں کے ذریعے کورونا کی مولی کیولر ٹیسٹ کٹس کے پروڈکشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر معمولی کامیابی ایک ایسے وقت میں حاصل ہوئی ہے جب ایران بدترین پابندیوں کے دور سے گذر رہا ہے اور دوسرے ممالک سے کٹس کی خریداری کے لئے بینکنگ ٹرانزیکش بھی نہیں کر پا رہا ہے۔ 
پاستور انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملک میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی لیبارٹریز کی تعداد نوے تک پہنچ گئی ہے کہا کہ ایران کی وزارت صحت ہر روز بیس ہزار ٹیسٹ انجام دے سکتی ہے اور پابندیوں کے زمانے میں یہ صلاحیت حاصل کر لینا ملک کا انتہائی مضبوط پہلو ہے۔ 
ایران کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق اب تک ملک میں چوالیس ہزار سے زیادہ افراد کورونا میں مبتلا پائے گئے ہیں جن میں تین ہزار ترپن مریض جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ تقریبا پندرہ ہزار صحتیاب ہونے میں کامیاب بھی ہوئے ہیں۔

ٹیگس