Jun ۰۸, ۲۰۲۰ ۲۱:۲۸ Asia/Tehran
  • تیل بردار بحری جہازوں کی واپسی، استقامتی حکمت عملی کا نتیجہ

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے وینیزویلا جانے والے ایرانی تیل بردار جہازوں کے کامیاب مشن کو استقامتی حکمت عملی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں علی شمخانی کا کہنا تھا کہ ایران کے تیل بردار بحری جہاز اپنا مشن مکمل کرنے کے بعد واپس لوٹ رہے ہیں اور یہ بات ایران کی فعال استقامتی حکمت علمی کا نتیجہ ہے۔ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کا محاصرہ کرنے کا خواب دیکھنے والے احمق آج ایران کی طاقت کے حصار میں پھنس گئے ہیں اور ٹرمپ اور ان کے خصوصی نمائندے برایان ہک کی جانب سے مذاکرات کے لیے درخواستیں ہمارے اس دعوے کا ثبوت ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ وینیزویلا کے لئے تیل لے جانے والے پانچ ایرانی جہاز اپنے مشن کی تکمیل کے بعد واپس لوٹنا شروع ہو گئے ہیں۔ قبل ازیں ایران کے صدر حسن روحانی نے بحیرہ کریبین میں امریکہ کے اشتعال انگیز اقدامات کے بعد خبردار کیا تھا کہ اگر امریکہ نے دنیا میں کہیں بھی ایرانی تیل بردار جہازوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی تو تہران جوابی اقدامات سے گریز نہیں کرے گا۔

ٹیگس