Aug ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ کی لبنانی ہم منصب سے گفتگو

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اپنے لبنانی ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو اور انسانی امداد پہنچانے کے لیے تہران کی مکمل آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اپنے لبنانی ہم منصب شربل وہبہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے، سانحہ بیروت پر لبنان کی حکومت اور اس ملک کے عوام سے ہمدردی اور قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اس گفتگو میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مشکل کی اس گھڑی میں ہر سطح پر لبنان کے عوام اور اس ملک کی حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور اپنے دوست اور برادر ملک کی ہرممکن مدد کے لیے تیار ہے۔

قبل ازیں ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے اپنے لبنانی ہم منصب صدر میشل عون کے نام پیغام میں سانحہ بیروت میں ہونے والے جانی نقصانات پر دلی تعزیت پیش کی تھی۔ صدر نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران انسان دوستانہ امداد کے دائرے میں، طبی امداد, دوائیں اور حتی زخمیوں کے علاج کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرسکتا ہے۔

دوسری جانب ایران کی وزارت صحت نے سانحہ بیروت پر دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے لبنان کے عوام اور اس ملک کی حکومت کے لیے ہرممکن امداد کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔درایں اثنا ایران کی انجمن ہلال احمر کے سربراہ کریم ہمتی نے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں غذائی اشیا کے دوہزار پیکٹ اور جان بچانے والی دوائیں اور دیگر وسائل بیروت روانہ کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کی انجمن ہلال احمر نے سانحہ بیروت میں زخمی ہونے والوں کے معالجے کے لیے فوری طور پر فیلڈ ہاسپٹل قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کرلی ہے۔ایران کے ہلال کے سربراہ نے مزید کہا کہ فیلڈ ہاسپٹل کے ساتھ ایران کے ڈاکٹروں اور ماہرین کی ایک ٹیم بھی بیروت جائے گی جس میں آرتھو پیڈک، بےہوشی کے ماہرین اور چائلڈ اسپشلسٹ کے علاوہ سرجن حضرات، آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن حضرات اور تربیت یافتہ پیرا میڈیکل اسٹاف کے لوگ شامل ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بائیس رکنی یہ ٹیم بدھ کی شام خصوصی ہوائی جہاز کے ذریعے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے لیے روانہ ہوجائے گی۔

ٹیگس