Apr ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۵:۳۵ Asia/Tehran
  • فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال کا تیرہواں دن

اسرائیلی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال تیرہویں دن میں داخل ہو گئی ہے جبکہ ان قیدیوں کی حمایت میں دنیا کے مختلف ملکوں میں مظاہرے ہو رہے ہیں-

صیہونی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں نے گذشتہ سترہ اپریل سے کہ جس دن فلسطینی قیدیوں کی یاد میں قومی دن منایا جاتا ہے، صیہونی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں اور جارحانہ اقدامات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے-

بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدیوں سے متعلق اطلاع رسانی کرنے والی فلسطینی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ بھوک ہڑتال کو تیرہ دن گذر جانے کے بعد بھی یہ فلسطینی قیدی، صیہونی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کے تشدد آمیز اقدامات کے مقابلے میں بھرپور استقامت اور پامردی کا مظاہرہ کر رہے ہیں-

اس درمیان صیہونی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدیوں کے خلاف اپنے تازہ ترین ظالمانہ اقدامات کے تحت درور نامی جیل کی کال کوٹھریوں میں بند فلسطینی قیدیوں پر حملہ کیا ہے-

صیہونی حکومت کی جیلوں میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسیطینی قیدیوں کی حمایت اور ان سے اظہار یکجہتی کے لئے دنیا کے مختلف ملکوں میں بھی مظاہرے کئے جا رہے ہیں اور بین الاقوامی اداروں نے بھی صیہونی حکومت سے کہا ہے کہ وہ فلسطینی قیدیوں کے مطالبات کو تسلیم کرے-

دوسری جانب فلسطین کی تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے رکن مروان البرغوثی کی اہلیہ نے کہا ہے کہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدیوں کو اگر کچھ بھی ہوا تو اس کی ذمہ داری صیہونی حکومت  پر عائد ہو گی- 

مروان البرغوثی کی اہلیہ، فدوی البرغوثی نے جو خود فلسطینی رکن پارلیمنٹ ہیں ہفتے کو ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  صیہونی حکومت کی جیل انتظامیہ، بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں پر ظلم اور انہیں کال کوٹھریوں میں منتقل کرنے کے باوجود  فلسطینی قیدیوں کے مطالبات کی تکمیل کی جدوجہد کے راستے میں  ان کے عزم کو کمزور نہیں کرسکے گی-

صیہونی حکومت کی جیل انتظامیہ نے بعض فلسطینی قیدیوں کے عزائم کو کمزور کرنے کے لئے انہیں الگ الگ جیلوں کی کال کوٹھریوں میں بند کر دیا ہے- 

ادھر فلسطین کی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خالد مشعل نے صیہونی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تحریک حماس ان کی آواز کو دنیا والوں تک پہنچانے اور جیلوں میں جاری صیہونی حکومت کے جرائم کو بے نقاب کرنے کے لئے اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خالد مشعل نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فلسطینی قوم، فلسطینی شہدا اور قیدیوں کو کہ جنھوں نے اپنے وطن کے لئے جاں فشانی کی اور خون کا نذرانہ پیش کیا، کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

 

ٹیگس