Aug ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • صیہونیت کے مقابلے میں استقامت پر تاکید

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے مکانات کو منہدم کرکے صیہونیت مخالف جد و جہد کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔

فلسطینی تحریک حماس کے ترجمان حسام بدران نے کہا ہے کہ غرب اردن میں فلسطینی مجاہدین کے مکانات کو منہدم کرکے صیہونی حکومت غاصبوں کے خلاف فلسطینیوں کی جد وجہد اور استقامت کو نہیں روک سکتی۔
حماس کے ترجمان نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت پچھلے ہفتے کے دوران پانچ فلسطینی مجاہدین کے مکانات مسمار کرچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مزاحمتی تحریکوں کے جیالوں اور ان کے گھروالوں نے بارہا اسرائیل پر ثابت کیا ہے کہ اجتماعی سزا دینے اور فلسطینیوں کے رہائشی مکانات کو منہدم کرنے سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا بلکہ اس سے فلسطینیوں کے اندر اپنے حقوق کی بازیابی کا جذبہ اور زیادہ مستحکم ہوگا۔

حماس کے ترجمان نے فلسطینی اداروں، گروہوں اور تنظیموں سے بھی کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے منہدم کئے گئے مکانات کی تعمیر نو کے لئے آگے آئیں۔


واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی ہائی کورٹ نے گذشتہ تین اگست کو ایک بل کی منظوری دی ہے جس میں ان فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کردینے کی بات کی گئی جن کے نوجوان غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
صہیونی حکومت نے دوہزار سولہ میں بڑی تعداد میں فلسطینیوں کے مکانات کو منہدم کیا تھا جس کے نتیجے میں ڈیڑھ ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہوگئے تھے۔

ٹیگس