Oct ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۳:۴۳ Asia/Tehran
  • خاشقجی کا قتل پورے خطے کے لئے خطرے کی گھنٹی، قطر

قطر نے کہا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کا قتل پورے علاقے کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ایک سیمینار میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آل سعود حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے سعودی صحافی کا قتل پورے علاقے کے لئے خطرے کی ایک گھنٹی ہے-

قطر کی وزارت خارجہ کی ترجمان لولوہ الخاطر نے لندن کے چیٹم ہاؤس تھینک ٹینک میں اپنے ایک خطاب کے دوران کہا کہ دوحہ جمال خاشقجی کے قتل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے-

ان کا کہنا تھا کہ اس قتل کیس کے بارے میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کا مشترکہ بیان عالمی برادری کے مطالبات کی ترجمانی کرتا ہے- برطانیہ، فرانس اور جرمنی اپنے مشترکہ بیان میں سعودی حکومت کے مخالف صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی بھی وضاحتی بیان جمال خاشقجی کے قتل کی دلیل نہیں بن سکتا-

قطر کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ بعض عرب ملکوں میں عوامی مطالبات اور مظاہروں کو بے دردی کے ساتھ کچل دینے پر مبنی پالیسیوں میں آنے والی شدت نے ایک بڑے زلزلے کی مانند علاقے کو دھماکہ خیز صورت حال سے دوچار کر دیا ہے-

ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے ملکوں میں پائی جانے والی مشکلات سے انکار منجملہ ترقی و پیشرفت کا نہ ہونا، غربت، انسانی حقوق کی پامالی اور عام شہریوں کی عزت و شرف کو خطرات لاحق ہونا یہ وہ عوامل اور حقائق ہیں جنھوں نے صورت حال کو مزید سخت بنا دیا ہے-

قطر کی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقے کے عرب ملکوں کو چاہئے کہ وہ کسی طرح کی بحث میں الجھے بغیرعوام کے بنیادی مسائل پر توجہ دیں-

 

ٹیگس