غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج کے بھیانک جرائم، فلسطینی خواتین کی آبرو ریزی اور قتل
اطلاعات ہیں کہ الشفا اسپتال پر حملے کے دوران صیہونی فوجیوں نے فلسطینی خواتین کی آبرو ریزی کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: الجزیرہ ٹی وی چینل کے مطابق غزہ کے الشفا اسپتال پر حملے کے دوران غاصب صیہونی فوجیوں نے فلسطینی خواتین کی عصمت دری کی اور پھر انہيں قتل کر دیا۔
الجزیرہ ٹی وی چینل نے الشفا اسپتال میں موجود ایک فلسطینی شہری کے حوالے سے بتایا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے الشفا اسپتال میں کئی فلسطینی خواتین کی آبرو ریزی کی اور پھر انہيں شہید کر دیا۔
غاصب اور وحشی صیہونی فوجیوں نے کئی خاندانوں کو پوری طرح سے ختم کر دیا اور پھر ان کی لاشیں جلا دیں۔
غزہ کا الشفا اسپتال کئی دن سے صیہونی فوجیوں کے مکمل محاصرے میں ہے اور چشم دید گواہوں کے مطابق اسرائيلی فوجی اس اسپتال کے پاس سے گزرنے والے لوگوں کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنا رہے ہيں۔
قابل ذکر ہے کہ 45 دن تک جنگ جاری رہنے کے بعد 24 نومبر کو غاصب اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی ہوئی تھی جس کے دوران قیدیوں کا تبادلہ ہوا لیکن ایک ہفتے کے بعد ہی عارضی جنگ بندی ختم ہوگئی اور غاصب صیہونی حکومت نے غزہ پر پھر سے وحشیانہ حملے شروع کردیئے جو اب تک جاری ہیں۔ ان حملوں میں بڑے پیمانے پر فلسطینی عام شہری شہید ہو رہے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔