Apr ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۶:۰۷ Asia/Tehran
  • فلسطینی بچوں اور عورتوں کے قتل عام پر ایران اور مصر کی گہری تشویش

ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ نے جنوبی غزہ کے شہر رفح میں غاصب صیہونی حکومت کے حملوں کی روک تھام کے لئے بین الاقوامی اداروں کے موثر اقدامات پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور مصر کے وزیر خارجہ سامع شکری نے ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں سے متلعق تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔

ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں فلسطین کے عام شہریوں خاص طور پر بچوں اورعورتوں کا قتل عام جاری رہنے اور اس علاقے کی بدترین انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیل کے جنون آمیز حملے فوری رکوانے کے لئے سفارتی اور سیاسی اقدامات اور کوششیں جاری رہنے خاص طور پر سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد پر عملدرآمد اور غزہ کے پورے علاقے کے باشندوں کے لئے بین الاقوامی انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کی ضرورت پر زور دیا۔

ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ نے غزہ سے فلسطینی باشندوں کی جبری نقل مکانی کے لئے صیہونیوں کے کسی بھی منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے جنوبی غزہ میں رفح کے علاقے پر غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں کی روک تھام کے لئے عالمی اداروں سے موثر قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

امیرعبداللہیان اور سامح شکری نے ایران اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں حالیہ مہینوں میں مثبت پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر مشاورت کی۔

اپنے مصری ہم منصب کے ساتھ اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ نے حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ کے حالیہ سرکاری دورہ تہران کو اہمیت کا حامل قرار دیا۔

ٹیگس