Sep ۰۹, ۲۰۱۹ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
  • کربلا میں عزاداروں کا سیل رواں

عراق اور ایران سمیت دنیا بھر میں شہیدان کربلا کی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے اور کربلائے معلی میں سید الشہدا امام حسین علیہ الصلوات والسلام اور علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ الصلوات والسلام کے روضہائے مبارک اور بین الحرمین نیز اطراف کی سڑکوں پر دسیوں لاکھ زائرین عزاداری میں مصروف ہیں ۔

کربلا‏ئے معلی سے موصولہ خبروں کے مطابق سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے روضے، بین الحرمین اور روضہ ھای مبارک کے اطراف کی سڑکیں عراق اور دنیا بھر سے آئے ہوئے دسیوں لاکھ زائرین اور سوگواروں سے مملو ہیں ۔

رپورٹوں کے مطابق نو محرم کا سورج طلوع ہوتے ہی مختلف ماتمی دستے بین الحرمین اور بارگاہ حسینی کی جانب میں آنا شروع ہوگئے  ۔ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ اس وقت روضہ ہائے مبارک، بین الحرمین اور اطراف کی سڑکوں پر دسیوں لاکھ عراقی اور غیر عراقی عزادار سینہ زنی اور نوحہ خوانی میں مصروف ہیں ۔

دسیوں لاکھ عراقی ، ملک کے دیگر علاقوں سے کئی دن کی مسافت پیدل طے کرکے کربلائے معلی پہنچے ہیں جبکہ دوسرے عراقی شہروں کے بہت سے ماتمی دستے کربلائے معلی کے نزدیک پہنچ چکے ہیں ۔دوسرے شہروں سے کربلائے معلی پہنچنے والے عراقی عزاداروں میں برادران اہلسنت کے عزاداری کے دستے میں بھی شامل ہیں،جو عراقی کردستان اور دیگر سنی آبادی والے عراقی علاقوں سے ، شہیدان کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کربلائے معلی پہنچے ہیں ۔

اس کے علاوہ ایران، پاکستان، ہندوستان ، افغانستان ، آذربائیبجان ، اور مختلف عرب ملکوں سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں سے لاکھوں زائرین عاشورائے حسینی میں شرکت کے لئے ، کربلائے معلی پہنچ چکے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ اس وقت کربلائے معلی میں موجود غیر عراقی عزاداروں میں سب سے بڑی تعداد ایرانی زائرین کی ہے ۔یہاں اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف شہروں میں بھی نو محرم کی مناسبت سے جلوسہائے عزا اور ماتمی دستے برآمد کئے جارہے ہیں اور علمدار کربلا کی یاد میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کا سلسلہ جاری ہے ۔

مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات والسلام کے روضہ مبارک کے سبھی صحنوں اور اطراف کی سڑکوں پر ماتمی دستے نوحہ خوانی اور سینہ زنی میں مصروف ہیں جبکہ روضہ مبارک کے مختلف رواقوں میں علمائے کرام اور ذاکرین،  واقعہ کربلا اور  فلسفہ قیام حسینی پر روشنی ڈال رہے ہیں اور اہلبیت رسول کے مصائب بیان کرکے ، عزاداروں کو مثاب کررہے ہیں ۔قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کا حرم مطہر بھی شہدائے کربلا کے عزاداروں اور ماتمداروں سےچھلک رہا ہے اور روضہ مبارک کے صحن اور اطراف کی سڑکوں پر ماتمی دستوں کی نوحہ خوانی اور سینہ زنی کا سلسلہ جاری ہے ۔اس کے علاوہ شیراز، اصفہان، ھمدان ، زنجان، تبریز اور اہواز سمیت ایران اسلامی کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں نومحرم کے مخصوص عزاداری کے دستے برآمد کئے جارہے ہیں ۔

ہندوستان اور پاکستان میں بھی عشرہ محرم کی عزاداری پورے مذہبی اور روائتی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے اور جیسے جیسے عاشورائے حسینی قریب آتا جارہا ہے عزاداروں کے جوش اور ولولے میں بھی اضافہ ہوتا ہے جا رہا ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ برصغیر کے دونوں ملکوں کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں نومحرم کے جلوس برآمد کئے گئے ۔

ٹیگس