Apr ۱۵, ۲۰۲۰ ۲۲:۳۲ Asia/Tehran
  • عرب ملکوں میں کورونا کے خلاف نئے اقدامات کا اعلان

کورونا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس کے پھیلاؤ کا دائرہ روز بروز وسیع تر ہوتا جا رہا ہے۔ اس درمیان مغربی ایشیا کی عرب حکومتوں نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے نئے اقدامات و تدابیر کا اعلان کیا ہے۔

بغداد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق حکومت عراق نے عالمی ادارہ صحت ڈبلو اچ او کی سفارش پر اعلان کیا ہے کہ سبھی مقدس روضے، کورونا کے بحران کے خاتمے تک، ملکی اور غیر ملکی زائرین کے لئے بند رہیں گے۔ عراق کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں بائیس نئے کیس سامنے آنے کے بعد کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک ہزار چار سو اور اموات اٹھتر ہو چکی ہیں۔ 
بحرینی حکومت نے بھی اعلان کیا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کی نئی تدابیر اختیار کی گئی ہیں اور دارالحکومت مناما کے قریب، کورونا کے مریضوں کے لئے ایک سو تیس بیڈ کے خصوصی اسپتال کا انتظام کیا گیا ہے۔ 
قابل ذکر ہے کہ بحرین ایک چھوٹا سا ملک ہے جس کی کل آبادی پندرہ لاکھ افراد پر مشتمل ہے۔ اس چھوٹے سے ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ایک ہزار پانچ سو بائیس ہو چکی ہے جن میں سے سات افراد موت سے ہمکنار ہوئے ہیں۔ 
اردن میں بھی اوقاف اور دینی امور کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے رمضان المبارک میں ملک کی سبھی مساجد بند رہیں گی اور نماز جماعت پر پابندی برقرار رہے گی۔ 
اردن میں اب تک کورونا سے تقریبا چار سو افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے سات کی موت واقع ہو گئی ہے اور دو سو پندرہ افراد صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے ہیں۔
سعودی عرب کی وزارت صحت نے بھی گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے متاثرین کی تعداد میں چار سو پینتس افراد کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب میں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد پانچ ہزار تین سو انہتر اور اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد تہتر بتائی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ کورونا کے چار سو بارہ نئے مریضوں کا پتہ لگنے کے بعد کورونا سے متاثرین کی تعداد چار ہزار نو سو ترانوے ہو چکی ہے۔ 
اس دوران لبنان کی وزارت صحت نے بھی ملک میں مزید نو افراد کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر دی ہے۔ لبنان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد اکتالیس اور مرنے والوں کی تعداد اکیس ہو چکی ہے۔
قطر کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک سو ستانوے نئے مریضوں کا پتہ لگنے کے بعد کورونا سے متاثرین کی تعداد تین ہزار چار سو اٹھائیس اور مزید انتالیس افراد کے صحتیاب ہونے کے بعد کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد تین سو تہتر ہو چکی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پوری دنیا میں کورونا سے بیس لاکھ سے زائد افراد متاثر اور ایک لاکھ چھبیس ہزار سے زائد موت سے ہمکنار ہو چکے ہیں۔

ٹیگس