May ۰۹, ۲۰۲۰ ۲۲:۲۴ Asia/Tehran
  • جنگ بندی کے باوجود یمن پر جارح سعودی اتحاد کا حملہ

یمن میں جنگ بندی کے اعلان کے باوجود جارح سعودی اتحاد نے رہائشی علاقوں پر دسیوں مرتبہ بمباری کی ہے۔

المسیرہ ٹی وی نے یمن کے فوجی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے جنگ بندی کے دعووں کے بر خلاف گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صرواح پر بیس مرتبہ، خب الشعف پر اکیس بار اور صوبہ الجوف پر دو مرتبہ بمباری کی۔

یمن کے خلاف جنگ اور جارحیت کا سلسلہ ایسے وقت میں جاری ہے جب سعودی جنگی اتحاد نے نو اپریل کو جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ دو ہفتے کی اس جنگ بندی میں مزید توسیع کا امکان پایا جاتا ہے، تاہم سعودی جنگی اتحاد نے اپنی ہی اعلان کردہ جنگ بندی کی ایک دن بھی پابندی نہیں کی اور اس  اعلان کے محض چند گھنٹے بعد ہی یمن کے رہائشی علاقوں اور شہری اہداف کو زمینی اور فضائی حملوں کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔

یمنی فریق کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا مقصد ہتھیاروں اور اپنی طاقت کو مضبوط بنانا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکا اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی اور جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے سر و سامانی کی زندگی گزار نے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

سعودی عرب اپنے تمام تر وحشیانہ حملوں کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد اب تک حاصل نہیں کر سکا-

 

ٹیگس