May ۱۲, ۲۰۲۰ ۲۲:۵۵ Asia/Tehran
  • شب قدر اور شب ضربت میں لاکھوں فرزندان اسلام سر بسجود

شب انیس رمضان المبارک یعنی مولائے کائنات کے سرمبارک پر ضربت لگنے کی شب اور شب قدر کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس غم برپا ہو رہی ہیں۔

رمضان المبارک کی انیسویں، اکیسویں اور تئیسویں رات شب قدر ہے اور شب قدر وه رات ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہوتی ہے اس رات کے اعمال ہزار مہینوں کے اعمال سے بہترہیں اور اس رات میں سال کے امور مقدر ہوتے ہیں اور ملائکه اور روح جو سب سے عظیم ملک ہے اس رات میں پروردگار کے حکم سے زمین پر نازل ہوتے ہیں ۔

ایران کی فضا اس وقت اللہ کے حضور دعا و نیائش، دعائے جوشن کبیر، الغوث الغوث کی صداؤں سے گونج رہی ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اورہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں لاکھوں مرد و خواتین، بچے اور سن رسیدہ افراد رات بھراپنے مالک کی بارگاہ میں ہاتھ بلند کر کے گڑ گڑا کر اور سجدہ ریز ہو کر اپنے پروردگار کے حضور دعا  کر رہے ہیں کہ اے پروردگار جہاں تو ہمارے گناہوں کو اس شب کی برکت سے بدل رہا ہے وہیں ہماری تقدیر بھی بدل دے۔

اس موقع پر علمائے کرام اور ذاکرین اہلبیت عصمت و طہارت شب قدر کے فضائل بیان کرنے کے ساتھ ساتھ مولائے متقیان مولا علی (ع) کی شب ضربت کی مناسبت سے مصائب پڑھ رہے ہیں اور مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی ہو رہی ہے اور یہ سلسلہ آج پوری رات جاری رہے گا۔

ٹیگس