Sep ۲۱, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۳ Asia/Tehran
  • افغان دارالحکومت میں دو دھماکے، ایک بچہ جاں بحق، متعدد زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پے در پے ہونے والے دو دھماکوں میں کم سے کم ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ تین زخمی بتائے گئے ہیں۔

کابل پولیس کے ترجمان فردوس فرامز نے بتایا ہے کہ پیر کی صبح کابل شہر کے زون آٹھ میں ہونے والے بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں ایک کم سن بچہ مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کابل کے زون پانچ میں بھی مقناطیسی بم کا ایک دھماکہ ہوا جس میں تین عام شہری زخمی ہوگئے۔

پچھلے چند روز کے دوران افغانستان کے دارالحکومت میں متعدد دھماکے اور دہشت گردانہ حملے ہو چکے ہیں جن میں درجنوں افراد مارے گئے ہیں۔

ایک اور اطلاع کے مطابق اتوار کی رات صوبہ میدان وردک کے علاقے سید آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں آٹھ فوجی ہلاک اور نو زخمی ہو گئے۔

طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ اس حملے میں اڑتالیس افغان فوجی مارے گئے ہیں۔

دوحہ میں حکومت افغانستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے باوجود طالبان کی جانب سے افغانستان میں جھڑپوں اور تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹیگس