Sep ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۵:۱۰ Asia/Tehran
  • حماس - الفتح مذاکرات تعمیری رہے ہیں: اسماعیل ہنیہ

حماس کے سربراہ اسما‏عیلی ہنیہ نے الفتح تحریک ساتھ ہونے والے مذاکرات کو جامع بات چیت کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔

ترکی کے شہر استنبول میں حماس اور الفتح کے درمیان مذاکرات کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ یہ گفتگو اس بات کی نشاندھی کرتی ہے کہ تمام فلسطینی تنظیمیں مشترکہ حمکت عملی اپنانے کا عزم رکھتی ہیں اور انہیں فلسطینی امنگوں کو درپیش خطرات کا پورا احساس ہے۔ 

حماس کے سربراہ نے کہا کہ فتح اور حماس کے درمیان ہونے والے سمجھوتوں کے جائزے کے لیے خصوصی اجلاس بلایا جائے گا اور تمام فلسطینی گروہوں کے درمیان مذاکراتی عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ فلسطینی تنظیم حماس اور الفتح کے نمائندہ وفود نے گزشتہ منگل سے ترکی کے شہر استنبول میں مذاکرات کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد قومی مصالحت کے عمل کو تیز کرنا ہے۔

انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں

استبول اجلاس میں حماس اور الفتح کے نمائندوں نے فلسطینی قوم کے دفاع اور مسئلہ فلسطین کے حوالے درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی غرض سے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دونوں تنظیموں نے دارالحکومت بیت المقدس کے ساتھ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی تنظیموں کے سربراہوں کا اجلاس عنقریب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوگا جس میں قومی مصالحت کے حصول اور باہمی اختلافات کے خاتمے کے لیے مشترکہ حمکت عملی تیار کی جائے گی۔

درایں اثنا حماس کے ترجمان حازم القاسم نے کہا ہے کہ  غرب اردن میں ہزاروں نئے صیہونی رہائشی مکانات کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری کے بعد اس علاقے کے الحاق کا فیصلہ موخر کیے جانے کا اسرائیلی  جھوٹ ثابت ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عرب ملکوں کی جانب سے تل ابیب کے ساتھ تعلقات کی برقراری نے غاصب صیہونی حکومت کو زیادہ سے زیادہ فلسطینی اراضی پر قبضہ جمانے کے لئے گستاخ بنا دیا ہے۔ حماس کے ترجمان نے واضح کیا کہ غرب اردن کے فلسطینی علاقوں میں نئی صیہونی بستیوں کی تعمیر کے اعلان کے بعد اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والی عرب حکومتوں کے بھی جھوٹ کا پردہ چاک ہوگیا ہے۔

صیہونی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکومت کے وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے غرب اردن کی صیہونی بستیوں میں مزید پانچ ہزار مکانات تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

 

ٹیگس