Oct ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۹:۴۴ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیر اعظم کا ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر زور

پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

اسلام آباد میں متعین ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کے ساتھ  ملاقات میں پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد تہران کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لئے سرحدی علاقوں میں دہشت گرد گروہوں کے انسداد کے وعدے پر قائم ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ ملنے والی سرحدوں پر سیکورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کر کے سرحدوں کو محفوظ اور پرامن بنائے گا۔
اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے پاکستان کے وزیر اعظم کو صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا پیغام پہنچاتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ کی امید ظاہر کی۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ آئندہ آنے والے برسوں میں ایران اور پاکستان کے، معیشت اور تجارت سمیت تمام شعبوں میں تعلقات فروغ پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ  پچھلے ایک سال کے دوران ایران اور پاکستان کے تجارتی حجم میں پینتس فی صد اضافہ ہوا ہے جسے دیکھتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی شعبے میں لین دین کا پانچ ارب ڈالر کا ہدف آسانی کے ساتھ پورا کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم اور ایران کے سفیر کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان بڑے منصوبوں پر عملدرآمد اور بینکاری لین دین میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ٹیگس