Sep ۲۲, ۲۰۱۸ ۰۶:۰۵ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات منسوخ

پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مذاکرات ہوں گے تو باوقار طریقے سے ہوں گے اور اگر ہندوستان مذاکرات کے لیے تیار نہیں توہمیں بھی کوئی جلدی نہیں۔

ہندوستان کی جانب سے پاک ہند وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کرنے پر پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملاقات سے انکار پر حیران ہوں اور تعجب بھی ہوا، اس لئے کہ پاکستان خطے کی بہتری چاہتا ہے اور اسی لئے وزیراعظم عمران خان نے ہندوستانی ہم منصب کو خط لکھا اور ہندوستان کو مثبت پیغام دیا، لیکن ہندوستان کی ترجیحات شاید کچھ اور ہی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کسی بھی مسئلے کا حل مذاکرات سے ہی نکل سکتا ہے، دہائیوں سے الجھے مسائل کو سلجھانے کی ضرورت ہے،  پاکستان نے ہندوستان کو ہر بار مذاکرات کی پیشکش کی لیکن افسوس ہے ہندوستان کی جانب سے کبھی مثبت جواب نہیں دیا گیا اور ایک بار پھر ہندوستان کی جانب سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بھارت نے نیویارک میں طے پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات منسوخ کردی ہے۔ شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج کی ملاقات 27 ستمبر کو نیویارک میں ہونی تھی تاہم اب بھارت کی جانب سے جنرل اسمبلی  اجلاس کی سائیڈ لائنز پر پاکستانی وفد سے ملاقات کا اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کے خط کا جواب دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی ضرورت پر زوردیا تھا جس پر ہندوستان نے مذاکرات کی حامی بھرتے ہوئے پاک ہند وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ملاقات کی تصدیق کردی تھی۔

 

ٹیگس