Dec ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۰:۵۶ Asia/Tehran
  • امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کا دورہ پاکستان

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے براستہ دبئی آج صبح اسلام آباد پہنچے، دورہ پاکستان کے دوران زلمے خلیل زاد اعلیٰ ترین سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ جس میں وہ طالبان سے امریکی مذاکرات پر سیاسی وعسکری قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔

زلمے خلیل زاد کا گزشتہ 2 ماہ کے دوران پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ زلمے خلیل زاد کا دورہ گزشتہ ماہ طے تھا جو ناگزیر وجوہات پر ملتوی کیا گیا تھا۔

امریکی نمائندہ خصوصی پاکستان سمیت 8 ممالک کا دورہ کررہے ہیں جس کے دوران وہ افغانستان، روس، ازبکستان، ترکمانستان، بیلجیم، متحدہ عرب امارات اور قطر جائیں گے۔

واضح رہے کہ زلمے خلیل زاد کے دورے سے دو روز قبل امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط ارسال کر کے ان سے افغان امن عمل اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے تعاون کرنے کی درخواست کی تھی۔  

ٹیگس