Aug ۱۴, ۲۰۱۹ ۰۶:۵۹ Asia/Tehran
  • پاکستان میں جشن آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

پاکستان کے صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔

پاکستان میں آج  14اگست کو یوم آزادی قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں وطن کی سلامتی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کی دعاؤں سے ہوا۔

وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی  جبکہ یوم آزادی کی مرکزی تقریب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر منعقد ہوگی۔

رات کو سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا، اور کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعائیہ تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

یوم آزادی پر اپنے پیغام میں صدرعارف علوی نے کہا ہے ہندوستانی حکومت کا کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کایکطرفہ فیصلہ گھناؤنی سازش اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور شملہ معاہدہ کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔

وزیراعظم عمران خان نے اندرون و بیرون  پاکستانیوں کو مبارکبادی پیغام میں کہا کہ آج ہم سب اس عزم کا اعادہ کریں کہ ترقی یافتہ اور خوشحال مملکت بنانے کیلیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

یوم آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی جشن آزادی منانے کے لیے فیملیز اور منچلوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، شہری گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر گھومنے لگے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔

سحرعالمی نیٹ ورک یوم آزادی پاکستان کے موقع پراپنے تمام پاکستانی سامعین اور ناظرین کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔

ٹیگس