Sep ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۰:۵۳ Asia/Tehran
  • لائن آف کنٹرول پرفائرنگ، ہندوستانی ناظم الامورطلب

ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے مابین لائن آف کنٹرول میں پھر فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق ہندوستانی ناظم الامور گورو آہلو والیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے ایل او سی پر ہندوستانی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانے بنانے پر شدید احتجاج کیا گیا۔

پاکستانی ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ کے مطابق ہندوستانی ناظم الامور کو پاکستان کی جانب سے احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ہندوستانی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی اور ایل او سی کے تتہ پانی اور رکھ چکری سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں گیارہ سالہ بچی جاں بحق جبکہ 75 سالہ خاتون اور دو لڑکوں سمیت چار شہری شدید زخمی ہو گئے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ ہندوستان لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر تسلسل کے ساتھ سیز فائر معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے اورہندوستانی فورسز کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان ایک دوسرے پر لائن آف کنٹرول میں سیز فائر کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔

ٹیگس