Nov ۰۵, ۲۰۲۰ ۲۱:۵۹ Asia/Tehran
  • میکرون کے بیان پر خاموشی، گناہ ہے: پاکستانی عالم اہلسنت

پاکستان کے ایک مشہور عالم اہلسنت نے کہا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے خلاف فرانسیسی صدر کے اہانت آمیز بیان پر خاموشی، گناہ ہے۔

سنّی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ فرانس کے صدر ایمانوئيل میکرون کے اسلام مخالف اور حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی اہانت پر مبنی بیان پر اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کی خاموشی قابل قبول نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم جیسی عظیم ہستی کی اہانت پر خاموشی، در حقیقت تمام مسلمانوں اور اسلامی مقدسات کی توہین کے مترادف ہے۔ سنّی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے سوال کیا کہ اس معاملے میں خاموش رہنے والے ممالک کس طرح سے اسلامی ملکوں کی تنظیم کے رکن ہو سکتے ہیں؟

انھوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے بارے میں فرانسیسی صدر کے بیان کو کسی بھی صورت میں تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ واضح رہے کہ فرانس کے صدر ایمانوئيل میکرون نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کا ملک پیغمبر اسلام کے خلاف اہانت آمیز خاکے شائع کیے جانے کی حمایت کرتا رہے گا۔ ان کے اس بیان سے پوری دنیا کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ ہے لیکن بعض عرب ممالک، مغربی ممالک کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے پوری طرح سے خاموش ہیں۔

ٹیگس