Jun ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۱:۴۷ Asia/Tehran
  • فٹبال ورلڈ کپ کا عالمی میلہ آج سے شروع

فٹبال ورلڈ کپ کے مقابلے آج جمعرات سے روس کے دارالحکومت ماسکو میں شروع ہوں گے۔

فٹبال ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ  آج  80 ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والے لوزنیکی اسٹیڈیم میں میزبان ملک روس اور سعودی عرب کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔

عالمی میلے کا آغاز رنگارنگ تقریب سے ہوگا ۔ ٹورنامنٹ کے حوالے سے پوری دنیا میں شائقین کا جوش وخروش عروج پر ہے، ہزاروں کی تعداد میں فٹبال کے دیوانے روس پہنچ چکے ہیں، مختلف ٹیموں کے پرستار اپنے اپنے کلچر کو بھی نمایاں کرنے میں مصروف ہیں۔

رنگا رنگ افتتاح کے بعد اصل ایکشن فٹبال میچ کی صورت میں شروع ہوگا، میزبان روس اور سعودی عرب ابتدائی معرکے میں میدان سنبھالیں گے۔ روس نے اکتوبر میں آخری بار کوریا کو شکست دی اور اس کے بعد وہ مسلسل 7 میچز میں خالی ہاتھ رہا، سعودی عرب کو مسلسل تین دوستانہ میچز میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تاہم ان تینوں مقابلوں میں اس کا سامنا دنیائے فٹبال کی ہیوی ویٹ ٹیموں اٹلی، پیرو اور دفاعی چیمپئن جرمنی سے تھا۔  دونوں ہی ٹیمیں لوزنیکی اسٹیڈیم میں اپنی ناکامیوں کے سلسلے کو بریک لگانے اور نئے سفر کا آغاز کرنے کے لیے پُراعتماد ہیں۔

ورلڈ کپ کے حوالے سے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، میچ کے موقع پر 30 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

ٹیگس