Jun ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۷:۱۵ Asia/Tehran
  • ورلڈ کپ فٹبال کے پہلے میچ میں ایران کی کامیابی پر مبارک باد

روس میں جاری عالمی کپ فٹبال کے ایک میچ میں مراکش کے مقابلے میں ایران کی کامیابی پر صدر مملکت اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نے الگ الگ مبارک باد پیش کی ہے۔ جبکہ والیبال کے ایک میچ میں ایران نے پولینڈ کر ہرا دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے عالمی کپ فٹبال کے ایک میچ میں مراکش کے مقابلے میں ایران کی فتخ پر ٹوئٹ کیا ہے کہ ایران کی ٹیم نے فٹبال کے میچ میں مراکش کو ہرا کر ساری ایرانی قوم کا دل خوش کر دیا اس فتخ پر میں ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا شکر گذار ہوں۔

ایران کے پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی ایران کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فٹبال کے عالمی کپ میں ایرانی ٹیم کے میچ میں پوری دنیا نے شاندار فتح کا نظارہ کیا۔

ایران نے جمعے کی رات عالمی کپ فٹبال کے اپنے پہلے میچ میں مراکش کی ٹیم کو ایک صفر سے شکست دے دی۔

دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان عالمی کپ کا یہ میچ روس کے شہر سن پیٹرزبرگ میں ہوا۔ عالمی کپ فٹبال کے جاری مقابلوں میں ایران کا دوسرا میچ بیس جون کو اسپین سے ہو گا۔ عالمی کپ فٹبال کے گروپ بی میں ایران، اسپینع پرتگال اور مراکش شامل ہیں۔

عالمی کپ فٹبال کے ایک اور میچ، جو جمعے کی رات ہی اسپین اور پرتگال کے درمیان کھیلا گیا تین تین گول سے برابر رہا اور گروپ کے مجموعی نتیجے میں اپنی فتح کی بنا پر ایران اپنے گروپ میں پہلے نمبر پر ہے۔

دوسری جانب ایران کی والیبال کی ٹیم نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں پولینڈ کی ٹیم کو تینوں سیٹوں میں ہرا دیا۔

والیبال کے لیگ میچوں کا سلسلہ دنیا کے مختلف ملکوں میں چوتھے ہفتے شروع ہو گیا اور ایران کی والیبال کی ٹیم نے جمعے کے روز پولینڈ کو شکست دے دی۔

دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان والیبال کا یہ لیگ میچ امریکہ کے شہر شکاگو میں کھیلا گیا۔

ٹیگس