Sep ۰۵, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام پر حملہ کرنے کی مشقیں شروع

شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم کا تجربہ کرنے کے بعد عالمی سطح پر حالات کشیدہ ہو گئے اور امریکہ اور اس کے اتحادی سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔

شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم کا تجربہ کرنے کے بعد جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام پر حملہ کرنے کی مشقیں شروع کردیں۔

صورت حال پرغور کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جاری ہے۔ چین نے شمالی کوریا سے تعلقات رکھنے والے ملکوں سے تجارتی پابندیوں کی امریکی تجویز مسترد کر دی اور کہا کہ ہم مسئلے کے پرامن حل کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ہمارے مفادات پر پابندیاں غیر منصفانہ ہوں گی۔

دوسری جانب شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم تجربے کے بعد دنیا کے اہم ترین ملکوں کی قیادت سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کوریا کے ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔

امریکی صدر نے جنوبی کوریا کو میزائلوں پر نصب بارود کی حد ختم کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ چین اور روس نے شمالی کوریا سے کہا ہے کہ وہ اپنا ایٹمی اور میزائل ڈیولپمنٹ معطل کر دیں۔

شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم کے تجربے کے بعد سیکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں امریکا نے شمالی کوریا کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکا نے موقف اپنایا کہ شمالی کوریا پر مزید سخت اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں اور اس سلسلے میں وہ جلد قرار داد پیش کرے گا۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلے نے اپنے خطاب میں کہا کہ شمالی کورین رہنما کم جانگ اُن جان بوجھ کر جنگ چاہ رہے ہیں۔

اجلاس میں شریک دیگر ممالک کے سفراء نے تجویز پیش کی کہ شمالی کوریا پر تیل کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر کے اسے قابو میں لایا جا سکتا ہے۔ امریکی سفیر نکی ہیلے نے کہا کہ بس اب بہت ہو چکا، 2006 سے اب تک شمالی کوریا پر 7 بار پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں لیکن اس سے شمالی کوریا کو نہیں روکا جا سکا۔

اجلاس میں چین کے سفیر برائے اقوام متحدہ لیو جائی یی نے کہا کہ شمالی کوریا کے مسئلے کا حل مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ چین جزیرہ نما کوریا میں شورش اور جنگ کی اجازت کبھی نہیں دے گا۔

اس موقع پر روسی سفیر برائے اقوام متحدہ ویسیلی نیبینزیا نے کہا کہ وہ شمالی کوریا پر مزید سخت اقتصادی پابندیوں کی امریکی تجویز پر غور کرے گا تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ محض پابندیوں سے یہ بحران حل نہیں ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی کوریا نے ایک اور ہائیڈروجن بم کا تجربہ کیا جو ایٹم بم سے کئی گنا زیادہ طاقتور ہے۔ شمالی کوریا اس سے قبل بھی متعدد تجربات کر چکا ہے۔

 

ٹیگس