Dec ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • روہنگیا مسلمانوں کی حمایت میں جنرل اسمبلی میں قرارداد منظور

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد پاس کرکے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف اس ملک کی حکومت کے منظم جرائم کی شدید مذمت کی ہے۔

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس قرارداد کا مسودہ اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے پیش کیا گیا تھا جسے ایک سو بائیس ووٹوں کی حمایت سے منظوری دی گئی جبکہ مخالفت میں دس ووٹ پڑے اور چوبیس ملکوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔اس قرارداد میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف منظم جرائم بند اورمیانمار سے متعلق اقوام متحدہ کا خصوصی ایلچی معین کئے جانے کا مطالبہ کیا۔اس قرارداد میں میانمار کی حکومت سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بحران زدہ علاقوں میں امدادی کارکنوں کو جانے کی اجازت دے اور روہنگیا پناہ گزینوں کی وطن واپسی کی ضمانت فراہم اور ان مسلمانوں کو میانماری شہری ہونے کا درجہ دے۔واضح رہے کہ میانمار کے روہنگیا مسلمان، اپنے ملک میں انسانی و سماجی حقوق سے محروم ہیں جو سخت حالات میں زندگی بسر کرتے رہے ہیں۔میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف منظم جرائم کے نتیجے میں چھے ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں کی تعداد میں  زخمی ہونے کے علاوہ لاکھوں کی تعداد میں روہنگیا مسلمانوں نے بنگلہ دیش میں پناہ لے رکھی ہے۔

ٹیگس