Jan ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۸:۲۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ریاست منی پور میں آسام رائفلز کے ایک فوجی نے اپنے ساتھیوں پر گولی چلا دی، فائرنگ کے بعد خودکشی کرلی

ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں آسام رائفلز کے  ایک فوجی اہلکار نے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔ حملہ آور فوجی نے فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مار لی۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق آسام رائفلز نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بدھ کو جنوبی منی پور میں آسام رائفلز کے ایک فوجی نے اپنے ساتھیوں پر گولی چلادی جس میں چھ اہلکار زخمی ہو گئے۔ حملہ آور نے اس کے فوراً بعد خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کرلیا۔

انسپکٹر جنرل آسام رائفلز، آئی جی اے آر، کی طرف سے آج جاری کردہ بیان کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ہندوستان میانمار سرحد کے قریب تعینات آسام رائفلز بٹالین میں پیش آیا۔

آئی جی اے آر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق تمام زخمی فوجی غیر منی پوری تھے جنہیں علاج کے لیے چورا چند پور کے فوجی اسپتال لے جایا گیا۔ زخمی فوجیوں کی حالت اب مستحکم بتائی گئی ہے۔

آسام رائفلز (اے آر) ہندوستان کا ایک مرکزی نیم فوجی دستہ ہے جس کی ذمہ داری سرحد کی حفاظت، انسداد بغاوت اور شمال مشرقی ہندوستان میں امن و امان برقرار رکھنا ہے۔ اس کی ایک بنیادی ذمہ داری ہند میانمار سرحد کی حفاظت ہے۔

 

 

ٹیگس