Feb ۲۶, ۲۰۲۰ ۰۸:۲۲ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ نے کی یمن پرلگی پابندی کی مدت میں توسیع

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسلحے کی خرید و فروخت کو لے کر یمن پر لگی پابندی کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی۔

آئی آر آئی بی کے مطابق اسلحے کی خرید و فروخت سے متعلق یمن پر لگی پابندیوں کی توسیع کے لئے برطانیہ نے مسودہ پیش کیا تھا۔ سلامتی کونسل میں پاس ہونے والے اس بل کے تحت یمن پر مزید ایک سال کی پابندی لگائے جانے کے علاوہ اسکے اثاثوں کو منجمد کرنے اور بعض یمنی حکام کے سفر کو محدود کئے جانے کی بھی بات کی گئی ہے۔ یہ بل تیرہ ووٹوں سے پاس ہوا جبکہ روس اور چین اس بل کے لئے ہونے والی ووٹنگ میں نیوٹرل رہے۔

سلامتی کونسل کے اس اجلاس میں اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نے ایک بار پھر ایران پر بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے دعوی کیا کہ وہ یمنی فورسز کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔اس درمیان یمن کے تعلق سے پیش شدہ بل کے لئے ہونے والی ووٹنگ سے قبل روس نے یہ اعلان کیا تھا کہ اگر اس بل میں یمن کو اسلحہ کی ترسیل کے تعلق سے ایران کو مورد الزام ٹھہرایا گیا تو وہ اس بل کو ویٹو کر دے گا۔

اسلحے کی خرید و فروخت کے تعلق سے یمن پر ایسے حالات میں پابندیاں عائد کی گئی ہیں کہ مغربی ممالک اب تک اربوں ڈالر کا اسلحہ سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کو فروخت کر چکے ہیں اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب اپنے مغربی اور عرب اتحادیوں کی حمایت کے سائے میں یمن کو مارچ دوہزار پندرہ سے وحشیانہ اور بہیمانہ جارحیت کا نشانہ بنائے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔اس وقت یمن کو سعودی جنگ کے نتیجے میں شدید طور پر غذائی اور ادویات کی قلت کا سامنا ہے۔

 

ٹیگس