May ۲۳, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۵ Asia/Tehran
  • ایرانی آئل ٹینکروں کے خلاف امریکی دھمکی ناقابل برداشت ہے: وینیزوئلا

اقوام متحدہ میں وینزوئلا کے نمائندے نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ ایرانی بحری آئل ٹینکروں کے خلاف امریکی فوجی دھمکی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں وینزوئلا کے نمائندے ساموئل مونکادا نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ امریکہ وینزوئیلا جانے والے ایرانی آئل ٹینکروں کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال کرنے کی دھمکی دے رہا ہے۔

انہوں نے اسی طرح ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ آزاد تجارتی حق کے حامل آئل ٹینکروں پر حملہ، بین الاقوامی قوانین اور مختلف ملکوں کے درمیان جہازرانی کے اصول کی خلاف ورزی  اور جرم  و جارحیت ہے۔

وینزوئلا کی فوج نے امریکہ کے مقابلے میں اپنے اقتدار کا مظاہرہ کرنے کے لئے اس جزیرے میں فوجی مشقیں بھی کی ہیں جہاں ایران کے یہ آئل ٹینکر پہنچنے والے ہیں۔ امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے والے دو ملکوں ایران اور وینزوئیلا کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات سے وائٹ ہاؤس میں تشویش اور خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے اور وینزوئیلا کے لئے ایندھن کے حامل ایران کے آئل ٹینکروں کے روانہ ہونے کے بعد امریکہ نے اپنی فوج کو بحیرہ کارائیب کے لئے روانہ کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام اپنے ایک مراسلے میں ایرانی آئل ٹینکروں کے خلاف امریکی دھمکی کو ایک قسم کی بحری قزاقی اور عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا ہے۔

ٹیگس