Aug ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۷:۲۵ Asia/Tehran
  • ایرانوفوبیا کے بعد اب امریکہ چینوفوبیا پالیسی پر عمل پیرا

امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ چین کے خطرات کا مقابلہ کرنا امریکہ کے لیے سویت یونین کے خلاف سرد جنگ سے زیادہ اہم اور دشوار ہے۔

 جمہوریہ چیک کی سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کو دوسری عالمی جنگ تو نہیں کہا جاسکتا ہے تاہم چین کی کمیونسٹ پارٹی کا مقابلہ کرنا انتہائی سخت اور دشوار ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی نے اقتصادی حربوں کے ذریعے ہمارے سیاسی معاملات اور سماج میں ایسا اثرو رسوخ پیدا کر لیا ہے جو سابق سویت یونین بھی نہیں کرسکا تھا۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ بعض یورپی ممالک ممکن ہے کہ ان خطرات کو سمجھنے میں دیر کر دیں کیونکہ ابھی تک صورتحال چین کے لیے مثبت دکھائی دے رہی ہے۔ ان کا اشارہ یورپی ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور سرمایہ کاری و تعاون میں اضافے کی غرض سے چین کی جانب سے انجام پانے والی کوششوں کی طرف تھا جن پر یورپ نے مثبت رجحان ظاہر کیا ہے۔

چین کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی ہوآوے کی جانب سے مختلف یورپی ملکوں میں ففتھ جنریشن انٹریٹ سروس فائیو جی کی فراہمی کے معاملے پر امریکہ میں خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔ اسی کے ساتھ ٹرمپ انتظامیہ نے یورپی ملکوں میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو ختم کرنے اور چین یورپ تجارتی، اقتصادی اور ٹیکنالوجیکل تعاون کو روکنے کے لیے یورپ پر دباؤ میں بے تحاشہ اضافہ کر دیا ہے۔

امریکہ نے یورپی ملکوں کو دھمکی بھی دی ہے کہ اگر صورتحال جوں کی توں باقی رہی تو انہیں واشنگٹن کے منفی ردعمل کا ہی نہیں بلکہ تادیبی اقدامات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

خیال رہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان تعلقات رواں برس متعدد معاملات پر تنزلی کا شکار رہے جس میں تجارت، ٹیکنالوجی، کورونا وائرس، جنوبی چین کی سمندری حدود میں امریکی فوجی نقل و حرکت اور ہانگ کانگ کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت جیسے معاملات شامل ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری دو ہزار سترہ میں اقتدار سنبھالنے کے فورا بعد چین کے خلاف مخاصمانہ اور سخت گیر موقف اپنانے کا اعلان کیا تھا اور تجارتی، سفارتی اور سیکورٹی سمیت تمام شعبوں میں بیجنگ کے خلاف جنگ شروع کردی تھی۔

امریکی صدر کے معاونین بھی ایسا ہی موقف اپناتے ہوئے چین کو یورپ کے لیے خطرہ بنا کر پیش کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link (11) : https://chat.whatsapp.com/BWheYzgo6g14jMJDBW62qg

ٹیگس