Oct ۱۹, ۲۰۲۰ ۰۰:۴۰ Asia/Tehran
  • چین نے امریکہ کے مقابلے کا قانون منظور کرلیا

چین نے امریکہ کا مقابلہ کرنے کے لیے حساس اشیا اور مواد کی برآمد کا نیا قانون منظور کرلیا ہے۔

 گلوبل ٹائمز کے مطابق اس قانون کے ذریعے چین کو امریکہ کے مقابلے میں ٹھوس ردعمل دکھانے کا حق حاصل ہوجائے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ قانون چین کی قومی سلامتی کے تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے حساس نوعیت کی اشیا اور مواد کی برآمد کو محدود کرنے کی غرض سے منظور کیا گیا ہے۔

یہ قانون امریکہ کے ساتھ تجارتی اور فنی کشیدگی میں اضافے کی صورت میں  واشنگٹن کے خلاف بیجنگ کو بھرپور طاقت کے ساتھ جواب دینے کے قابل بنائے گا۔

یہ قانون جس کا اطلاق یکم دسمبر سے تمام چینی کمپنیوں پر ہوگا، اتوار کے روز چین کی پیپلز کانگریس کی دائمی کمیٹی کے اجلاس میں منظور کیا گیا۔  

کہا جارہا  ہے کہ اس قانون کی رو سے ہرقسم کی عسکری اور غیر عسکری نیز ایٹامک مصنوعات، ٹیکنالوجی، خام مال اور خدمات کی برآمدات کو سختی کے ساتھ کنٹرول کیا جاسکے گا۔

اس قانون کے تحت چین کی حکومت کو امریکہ کے خلاف بھرپور جوابی اقدامات کا حق بھی حاصل ہوجائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران امریکہ نے بارہا چین کی ٹیکنالوجی کمپنیوں خاص طور سے کمیونیکشنن آئی ٹی اور  میسیجنگ کمپنیوں کی سرگرمیوں کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے امریکی منڈیوں میں داخلے سے روکنے کی کوشش کی ہے۔

ٹیگس