May ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran
  • عراقی فوج کی پیش قدمی جاری

عراق کی فوج اور عوامی فورسز کو شہر فلوجہ کو آزاد کرانے میں کامیابیاں مل رہی ہیں۔

عراق کی فیڈرل پولیس کے سربراہ رائد شاکر جودت نے کہا ہےکہ عراقی فورسز نے داعش کے تکفیری دہشتگردوں سے ستائیس دیہی علاقوں کو آزاد کرالیا ہے۔ عراقی فورسز نےشہر فلوجہ کو آزاد کرانے کے لئے اپنی پیش قدم جاری رکھتے ہوئےشہر القصلاویہ کو دوبارہ اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ یہ شہر اب مکمل طرح سے آزاد ہوچکا ہے۔ عراق کی اسپیشل فورسز نے حالیہ دنوں میں شہر فلوجہ پر حملہ شروع کیا تھا اور شہر کے اندر گلی کوچوں میں دہشتگردوں پرحملے کرکے دسیوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

شہر فلوجہ کو آزاد کرانے کا بڑا آپریشن گذشتہ ہفتے کے آغاز میں وزیراعظم حیدرالعبادی کے حکم سے شروع ہوا تھا۔ اب یہ آپریشن تیسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ اس آپریشن میں فوج، فیڈرل پولیس، رضاکارعوامی فورسز اور قبائل شامل ہیں۔

قابل ذکرہے کہ شہر فلوجہ کو آزاد کرانے کے لئے فوج اورعراقی عوامی فورسز نے پیر کے دن آپریشن کے تیسرے مرحلے میں تین محاذوں سے شہر فلوجہ پر حملہ کیا تھا۔ شہر فلوجہ عراق کے مغربی صوبے الانبار میں واقع ہے۔ شہر فلوجہ کی آزادی کے لئے آپریشنل کمانڈر بریگیڈیر ھادی زریج نے کہا ہے کہ آپریشن کے دو مرحلے مکمل کرنے کےبعد فلوجہ میں عراقی فورسز کی پیش قدمی سے تیسرے مرحلے میں فیڈرل پولیس، سریع الحرکت فورس، فوج اور عوامی فورس سے استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الانبار کی پولیس کو شہر فلوجہ میں امن قائم کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ الانبار کی پولیس شہر فلوجہ کو تکفیری دہشتگردوں سے مکمل طرح سے پاک کئےجانے کےبعد اس شہر کا انتظام سنبھالے گی۔

یہ ایسے عالم میں ہے کہ عراق کی عوامی رضا کار فورس کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ شہر فلوجہ کی آزادی میں عوامی فورسز نہایت اہم کردار اداکریں گی۔ ابو مھدی المہندس نے پیر کے دن کہا کہ عوامی فورسز کو فلوجہ میں آپریشن کے سخت ترین مرحلے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اور رضا کار فورس نے یہ ذمہ داری بخیر و خوبی انجام دی اور کامیاب رہی ہے۔ المہندس نے کہا کہ شہر فلوجہ کا محاصرہ ختم کردیا گیا ہے اور ہم نے دشمن کا شیرازہ بکھیردیا ہے اور تکفیری دہشتگردوں کے کچھ ہی عناصر باقی بچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم عام شہریوں کی جان بچانے کی غرض سے براہ راست لڑائی شروع نہیں کرسکتے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں دہشتگردوں کے مقابل عراقی فورسز کی وسیع کامیابیوں کے بعد عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا تھا کہ بے گھر لوگوں کو دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد شدہ علاقوں کی طرف اپنے گھروں میں لوٹ جانا چاہیے۔

سلیم الجبوری نے صوبہ الانبار کے الکرمہ شہر کی انتظامی کونسل کے ارکان سے ملاقات میں کہا کہ دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد ہونے والے علاقوں میں بے گھرعوام کی واپسی کے انتظامات کئے جانے چاہیں کیونکہ اب یہ سارے علاقے عراقی فوج کے کنٹرول میں ہیں۔ الجبوری نے عراقی فورسز کو الکرمہ شہر آزاد کرانے پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے فوج اور عوامی فورسز سے کہا کہ الکرمہ میں اس طرح امن قائم کریں کہ شہر فلوجہ کے عوام کو ان علاقوں میں امن کی صورتحال سے اطمینان حاصل ہوجائے۔

ٹیگس