امریکہ کی ایران مخالف پابندیاں، ملت ایران کے خلاف سخت دشمنی کا ثبوت
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ نے کہا ہے کہ امریکہ کی ایران مخالف پابندیاں، ایرانی قوم سے سخت دشمنی کا ثبوت ہیں-
ایران کے وزیر پیٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی پابندیاں سیاسی دھوکہ دہی ہی نہیں بلکہ ایرانی قوم سے سخت دشمنی کا ثبوت بھی ہیں۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کے تیل کو صفر تک پہنچانے کا امریکی خواب کبھی بھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوگا- بیژن نامدار زنگنہ نے امریکی پابندیوں کے بعد تیل مارکیٹ میں ایران کی جگہ لینے سے متعلق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دعوے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک اپنی صلاحیتوں سے متعلق مبالغہ آرائی کر رہے ہیں۔ امریکہ نے ایک بار پھر ایرانی تیل کی برآمدات کو صفرتک پہنچانے کا دعوی کرتے ہوئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے کہا ہے کہ وہ عالمی منڈی میں ایرانی تیل کی کمی کو پورا کریں۔ ایران نے واضح کر دیا ہے کہ اس کے تیل کی برآمدات کو صفر تک پہنچانے کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہو گا اور تہران کسی بھی ملک کو عالمی منڈی میں اپنے کوٹے پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ امریکہ ایران کے تیل کی برآمدات کو صفر تک پہنچانے کا دعوی کر رہا ہے- امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ایٹمی معاہدے سے نکلنے کے بعد ہی ایران کے خلاف دوبارہ پابندیاں عائد کردیں- ایران کے خلاف نومبر 2018 سے دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کے ساتھ ہی واشنگٹن کو ایران کے تیل کے خریداروں منجملہ چین، ہندوستان، جاپان، جنوبی کوریا، تایوان، ترکی، یونان اور اٹلی کی جانب سے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد واشنگٹن نے چھ مہینے تک کے لئے ان ملکوں کو استثنا دے دی اور ان کو ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھنے کی چھوٹ دے دی- لیکن اب جبکہ اس چھ مہینے کی مدت ختم ہورہی ہے تو امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپؤ نے ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کردیا کہ واشنگٹن اس چھوٹ کو ختم کرتے ہوئے ایران کے تیل کو صفر تک پہنچانے کے درپے ہے - امریکی وزیر خارجہ نے اسی طرح یہ بھی کہا کہ تیل کی منڈی میں ایران کے تیل کی کمی پورا کرنے کا وعدہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے دیا ہے-
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی قوم اور حکومت، اس وقت درپیش حالات میں بعض ملکوں کی دشمنی کو ہرگز فراموش نہیں کرے گی کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی ملک کو اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ وہ تیل کی عالمی منڈی میں ایران کے کوٹے پر قبضہ جمائے اور ایسے ہر اقدام کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری امریکہ اور اس کا ساتھ دینے والے ملکوں پر عائد ہو گی۔
ایران کے خلاف امریکی پابندیاں بین الاقوامی اصول و قوانین کے برخلاف ہیں اور امریکی دعووں کے برخلاف ان پابندیوں کے ذریعے سے براہ راست ایرانی عوام کو نشانہ بنایا گیا ہے- ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلو نے بھی جواد ظریف کے ساتھ حالیہ ملاقات میں کہا کہ یہ پابندیاں حقیقت میں ایرانی عوام کو سزا دینے کے لئے ہے، جو ناقابل قبول ہیں-
جنگ مخالف گروپ کے بانی رکن، " میڈیا بنجامین (Medea Benjamin) " نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف پابندی عائد کرنے کی امریکی پالیسی مجرمانہ ہےکیوں کہ اس سے عوام کو غذائی اشیاء اور دوا تک رسائی میں مشکلات پیش آئیں گی-
امریکہ کے ان رویوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران مخالف امریکہ کی دشمنانہ پالیسیاں، اقتصادی مسائل اور عوام اور حکومت کے درمیان فاصلہ پیدا کرنے کے لئے ہیں- گذشتہ بدھ کو یوم مئی کی آمد اور ہفتہ محنت کشاں کی مناسبت سے پورے ملک کے محنت کشوں کی ایک بڑی تعداد نے بدھ کو رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی- اس موقع پر رہبرانقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ تیل پر پابندیاں عائد کرنے کی امریکی حکام کی کوشش بے سود ثابت ہو گی۔ آپ نے فرمایا کہ ہمیں جتنی ضرورت ہو گی اور جتنا چاہیں گے اتنا اپنا تیل برآمد کریں گے- رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکی حکام نے اپنے خیال میں راستے کو مسدود کر دیا ہے لیکن ایران کے پرعزم عوام اور بیدار حکام اگر کمر ہمت باندھ لیں تو ان میں سے بہت سی مشکلات پر غلبہ حاصل کر لیں گے- آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکی حکام کو یہ جان لینا چاہئے کہ ان کی ان عداوتوں اور دشمنیوں کا ہر حال میں جواب دیا جائے گا اور انہیں ایسے ہی نہیں چھوڑ دیا جائے گا- رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جیسا ابھی حال ہی میں، میں نے کہا تھا کہ دشمنوں کی کوششیں اب آخری سانسیں لے رہی ہیں اور دشمن سرانجام ایرانی عوام سے دشمنی کرتے کرتے تھک ہار کے بیٹھ جائیں گے لیکن ایران کے عوام محنت لگن، کوشش استقامت اور ترقی و پیشرفت کے راستے پر گامزن رہنے سے کبھی بھی نہیں تھکیں گے۔
ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے بھی گذشتہ ہفتے ماسکو کے بین الاقوامی سیکورٹی اجلاس میں ایران کے تیل کی برآمدات کی تمام راہیں مسدود کئے جانے کی امریکی کوشش کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے مفادات کی تشخیص اور تحفظ کے لیے لازمی توانائی اور عملی اقدامات کی طاقت رکھتا ہے۔