Jan ۲۰, ۲۰۱۶ ۲۱:۰۲ Asia/Tehran
  • خام تیل کی قیمتیں کم ترین سطح پر

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں پچھلے بارہ سال میں اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

سحر عالمی نیٹ ورک کی اقتصادی ڈیسک کے مطابق بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر امریکی خام تیل کی قیمت اٹھائیس ڈالر سے نیچے گرگئی۔ عالمی منڈی میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے ستائیس ڈالر بتیس سینٹ سے شروع ہوئے اور کچھ دیر کے بعد اس میں معمولی اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ۔

اس سے پہلے امریکی تیل کی قیمت سنہ دوہزار تین میں اٹھائیس ڈالر سے نیچی آئی تھی۔ تیل کی قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں آئی ہے جب توانائی کے عالمی ادارے نے خبردار کیا تھا کہ تیل کی پیداوار میں حد سے زیادہ اضافے کی وجہ سے عالمی منڈی میں بھونچال آسکتا ہے۔

سنہ دوہزار چودہ کے وسط سے اب تک تیل کی عالمی قیمتوں میں پچھتر فی صد کی کمی ہوچکی ہے۔ توانائی کے عالمی ادارے کے مطابق تیل کی رسد اس کی طلب سے کہیں زیادہ ہے جس کی وجہ سے رواں سال کے دوران عالمی منڈیوں میں بلیک گولڈ(خام تیل) کی قیمت میں مزید کمی کا امکان ہے۔

ٹیگس