عالمی منڈی میں پونڈ کی قمیت میں ریکارڈ کمی، سونے کی قیمت میں اضافہ
برطانوی عوام کے یورپی یونین سے انخلاء کے فیصلے کے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں پاؤنڈ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
خبروں کے مطابق عالمی کرنسی مارکیٹ میں برطانوی پونڈ کی قیمت میں بارہ فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے جو تیس سال سے اب تک کی سب سے نچلی ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں یورو کی قدر میں بھی ساڑھے چار فی صد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
یاد رہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین میں باقی رہنے یا اس سے نکل جانے سے متعلق ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق برطانوی عوام کی اکثریت نے یورپی یونین سے نکلنے کی حمایت کردی ہے۔
نتائج کے مطابق یورپی یونین سے انخلاء کی حمایت میں 51.8 فیصد جبکہ مخالفت میں 48.2 فیصد افراد نے ووٹ دیا۔ رپورٹ کے مطابق ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج آنا شروع ہوئے تو پاؤنڈ کی قدر تیزی سے گرنا شروع ہو گئی اور بارہ فیصد تک کمی کے ساتھ ڈالر کے مقابلے میں ایک اعشاریہ تینتیس ڈالر پر پہنچ گئی جو انیس سو پچاسی کے بعد سے پاؤنڈ کی کم ترین سطح ہے۔
برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے کے ساتھ ہی ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بھی شدید مندی دیکھی گئی۔
چین کی اسٹاک مارکیٹ میں تقریبا دو فی صد کی کمی دیکھی گئی، جبکہ جاپان میں انڈیکس سات فی صد، ممبئی میں تین فیصد، کراچی میں دو فی صد اور آسٹریلیا میں انڈیکس تین فی صد سے زیادہ تک گرگیا۔
ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ میں بھی 4.5 فیصد تک گراوٹ دیکھنے میں آئی۔
برطانیہ میں یورپی یونین سے انخلا کے ریفرنڈم کے بعد عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بھی زبردست اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق سونے کی قیمت بائیس فی صد اضافے کے ساتھ، ایک ہزار تین سو بائیس ڈالر پر پہنچ گئی ہے جو دو سال کی سب سے بالا ترین قیمت ہے۔